کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان نے کراچی میں گاڑیوں کے کالے شیشوں کی بہتات پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس رجحان میں اضافے کے باعث جرائم کو پنپنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے قانون کی اس کھلی خلاف ورزی پر ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے مطلوبہ توجہ نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ کالے شیشوں والی گاڑیوں کی بھرمار سے گاڑی میں سوار افراد کی شناخت نا ممکن ہو جاتی ہے جبکہ اس طرح کی گاڑیاں شہر میں خوف و ہراس پھیلانے اور جرائم کے فروغ میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔ شیخ عمر ریحان نے حکام بالا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور اپیل کی ہے کہ شہریوں کا عدم تحفظ کا احساس دور کرنے اور جرائم پر قابو پانے کے لیے گاڑیوں میں کالے شیشے لگانے کے خلاف فوری اور سخت اقدامات کئے جائیں۔
![]()