کوالالمپور (رپورٹ: نوید اسلم) ملائشیاء کے مختلف کیمپوں میں قید 60 پاکستانی قیدی پی آئی اے کی فلائٹ سے وطن واپس روانہ ہو گئے۔ یہ قیدی جوہر،ملاکا، پیراک، صبا ح مشرقی ملائشیاء اور کوالا لمپور کے کیمپوں میں قید تھے۔ اب ملائشیاء کے مختلف کیمپوں میں صرف 33 قیدی رہ گئے ہیں جن میں سے 20 سے 30 قیدیوں کو 12 اور 19 مارچ کو پاکستان واپس بھجوانے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ قیدیوں کی جلد وطن واپسی ہائی کمیشن کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس سال اب تک 146 قیدیوں کو وطن واپس بھجوایا جا چکا ہے۔ کورونا وائرس کی وباء اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مشکلات کے باوجود ہائی کمشن کا عملہ ہائی کمشنر آمنہ بلوچ کے احکامات کے مطابق مختلف کیمپوں کا وزٹ کرکے قیدیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے ہمہ وقت سر گرم عمل ہے۔