کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ناردرن نے سندھ کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 396 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محض 15 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد ناردرن کی ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی، جس کے بعد فیضان ریاض نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر مستحکم پوزیشن پر پہنچادیا۔ فیضان ریاض نے انفرادی طور پر سیزن کی پہلی اور مجموعی طور پر چھٹی ڈبل سنچری اسکور کی۔ مڈل آرڈر بیٹسمین نے 27 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 211 رنز بنائے۔ انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 143 اور پانچویں وکٹ کے لیے علی سرفراز کے ہمراہ 178 رنز کی شراکت قائم کی۔ علی سرفراز نے 60 رنز بنائے۔ حماد اعظم 50 اور وقاص احمد 3 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔ سندھ کی جانب سے سہیل خان اور میرحمزہ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
![]()