ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ربیع الاول کا مبارک مہینہ شروع ہوتے ہی بازاروں گلی کوچوں سمیت مسجدوں کو دلہنوں کی طرح سجانے کاسلسلہ شروع ہوچکا ہے، ہر سو سرکار کی آمد مرحبا کے فلک شگاف نعروں سے فضاء معطر اور درود و سلام و نوافل کی پرنور محافل کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ربیع الاول کا مہینہ شروع ہوتے ہی ڈیرہ شہر و مضافاتی علاقوں کے گلی محلوں اور مساجد کو سجانے کا سلسلہ تیزی سے شروع ہوگیا ہے، جبکہ رات کے اوقات میں مسجدوں پر چراغاں کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے، عاشقان رسول نے گلی، محلوں، بازاروں اور مسجدوں کو دلہنوں کی طرح خوبصورت بنانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ شہر سمیت دیہی علاقوں میں رات گئے تک مسجدوں سمیت گلی محلوں میں سرکار نبی دوجہاں، رحمت العالمین حضرت محمد کی بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کرنے کے لئے محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے، عاشقان رسول رات گئے تک مسجدوں میں نوافل ادا کرنے کے ساتھ ساتھ نبی آخر الزماں حضرت محمد پر درود و سلام پڑھنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد ماہ النور کی خوشی میں شہر کو دلہن کی طرح سجانے کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں، نماز فجر کے ساتھ ہی نبی آخر الزماں حضرت محمد پر درودو سلام بھیجنے سمیت بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہتا ہے، سرکار کی آمد مرحبا کے فلک شگاف نعروں سے فضاء معطر ہوچکی ہے۔ مسجدوں سمیت دیگر محافل میں علماء کرام آپ کی سیرت طبیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے عاشقان رسول کو آپ کے نقش قدم پر چلنے کا درس دے رہے ہیں۔
![]()