میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) ضلع کونسل میرپورخاص کا اجلاس چیئرمین میر انور تالپور کی زیر صدارت سید غلام نبی شاہ ہال میں منعقد ہوا جس میں صحت ، تعلیم اور زراعت کے مسائل کے حل کیلئے تفصیلی غور و خوص کیا گیا اس موقع پر چیئرمین میر انور تالپور نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں عوام کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے- ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بنیادی مسائل حل کرانے کی کوشش کی جائے گی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میرپورخاص شہریارگل میمن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت، تعلیم، پانی اور زراعت کے مسائل سے بخوبی واقف ہے لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہا ایک دوسرے کے باہمی رابطے میں فقدان سے مسائل پیش آرہے ہیں اس لئے ہم سب کو اداروں کی بہتری اور لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے سے رابطہ رکھنا ہوگا- ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے صحت، تعلیم، پانی اور زراعت کے مسائل حل کرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جس مسئلے پر بات کی جائے تو اس کمیٹی کا موجود ہونا لازمی ہے ضلع کونسل کی جانب سے بھی ایسی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے اس سے قبل کونسل ممبران نے صحت کے حوالے سے کہا کہ سول ہسپتال میں سہولیات اور اسٹاف کی کمی ہے ایمرجنسی مریض سمیت ڈلیوری کے کیس بھی حیدرآباد ریفر کئے جاتے ہیں تعلیم کے حوالے سے ممبران نے کہا کہ دیہی علاقوں کے اسکولوں میں اساتذہ اور اسکول بلڈنگ کی کمی ہے زراعت کے حوالے سے کہا کہ پانی کی کمی، جعلی اور غیر معیاری زرعی اد ویات اورجعلی بیج کی وجہ سے گنا اورکپاس سمیت دیگر فصلوں کی پیداوار بہت کم ہوئی ہے جعلی بیج وزرعی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے آبپاشی کے حوالے سے ممبران نے کہا کہ پانی کی کمی کو ختم کیا جائے نہری پانی کی وارابندی شیڈول وائز کرایا جائے اور پانی نہروں کے آخری حصے تک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں اجلاس میں وائس چیئرمین میر احمد خان تالپور اور کونسل ممبران بڑی تعداد میں موجود تھے-
![]()