کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ڈائیوو پاکستان ایکسپریس بس سروس کراچی ٹرمینل میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ موٹروے پولیس کی زونل ایجوکیشن ٹیم کے افسران نے ڈائیوو بس ایکسپریس کے ڈرائیور حضرات اور دیگر اسٹاف کو ہائی ویز رولز اور روڈ سیفٹی کے اوپر اپنے منفرد انداز میں ملٹی میڈیا کے ذریعے بریفنگ دی کہ جسے تمام شرکاء نے سراہا۔ مینیجر کراچی ٹرمینل قمر رضا نے اپنے خطاب میں ڈی آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر مسرور عالم کولاچی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی زونل ایجوکیشن ٹیم کے افسران کو ہمارے ادارے کی طرف روانہ کیا کہ جنہوں نے ہائی وے رولز اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے ہمارے ڈرائیورز اور دیگر اسٹاف ممبران کو بہترین انداز میں بریفنگ دی جس سے یقینا ہم سب کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگہی حاصل ہوئی جوکہ یقینا ہماری سروس کو اور مزید محفوظ اور آسان کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ سیمینار سے ریجنل ٹرانسپورٹ سیکرٹری نظر شاہانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ پاکستان موٹر وے پولیس کے ساتھ مل کر روڈ سیفٹی کے حوالے سے عوام میں خود آگہی کے حوالے سے اور انفورسمنٹ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے شانہ بشانہ مل کر کام کر رہے ہیں۔ نجی کمپنی اٹلس ہونڈا کے سیفٹی ریجنل مینیجر عاطف رشید نے کہا کہ ہماری کمپنی موٹروے پولیس کے ساتھ روڈ سیفٹی کے حوالے سے حادثات کی روک تھام اور عوام میں آگاہی مہم کا ہمیشہ حصہ دار رہی ہے۔ کیونکہ یہ ایک قومی فریضہ ہے۔ موٹروے پولیس آفیسر خالد بھٹو، سید تراب علی نے شرکاء کو ہمسفر ایپ کی اہمیت اور افادیت اور اس کے استعمال کا طریقہ بتایا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاءاللہ موٹروے پولیس پاکستان کے اندر تمام شاہراہوں کے سفر کو آسان اور محفوظ کرنے کیلئے رات دن کوشاں رہے گی۔ آخر میں تقریب کے میزبان کراچی بس ٹرمینل مینیجر قمر رضا نے آئے ہوئے مہمانوں کو شیلڈ پیش کی۔
![]()