Home / اہم خبریں / وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی، امریکی سینیٹر اور سیکریٹری جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت کشمیری رہنماؤں کے وفد سے ملاقاتیں

وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی، امریکی سینیٹر اور سیکریٹری جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت کشمیری رہنماؤں کے وفد سے ملاقاتیں

واشنگٹن (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد، امریکی سینیٹر لنزے گراہم اور سیکریٹری جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت کشمیری رہنماؤں کے وفد نے اہم ملاقاتیں کیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیویارک میں افغانستان میں مفاہمتی عمل کے بارے میں امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر افغانستان میں امن کے لئے پاکستان ،امریکہ کی مشترکہ کوششوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کاہمیشہ سے یہ موقف رہاہے کہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔افغانستان میں تشدد کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت کے پرامن ہمسائیگی، اقتصادی ترقی اورعلاقائی استحکام کے نصب العین کے حصول کیلئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے۔ اس موقع پر زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں امن اورمفاہمتی عمل کے لئے وزیراعظم کی حمایت کوسراہا،انہوں نے کہاکہ وہ افغانستان میں امن واستحکام کے لئے پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے امریکی سینیٹر لِنڈ سے گراہم سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے حل کے لئے مثبت کردار ادا کرسکتا ہے۔ افغان مسئلے کے بارے میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن کاخواہاں ہے اور پُرامید ہے کہ افغان امن عمل جلد دوبارہ شروع ہوگا۔ملاقات میں سینیٹرگراہم نے افغانستان میں امن اورمفاہمتی عمل میں پاکستان کے تعاون کوسراہتے ہوئے کہا کہ پاک امریکہ تذویراتی شراکت داری دونوں ملکوں کے حق میں ہے جس سے خطے میں استحکام آئے گا۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کے باعث وہاں انسانی سانحہ دیکھاجاسکتاہے،بھارتی اقدام علاقائی امن اوراستحکام کے لئے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ اس کے علاوہ نیویارک میں وزیراعظم عمران خان سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل کومی نائیڈو نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کردار کوا سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیری نوجوانوں پر بھارتی فوج کی پیلٹ گنوں کے استعمال کے تباہ کن اثرات پر ایمنسٹی کی رپورٹ کو بھی سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے نیویارک میں کشمیری وفد کے ایک نمائندہ گروپ سے باتیں کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ ہرعالمی فورم پر کشمیریوں کی آوازبنیں گے۔ملاقات میں وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وہ کشمیری عوام کے سفیر کے طورپرہرسطح پر ان کامقدمہ لڑیں گے۔ اس موقع پروفد نے وزیراعظم کومقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال کے بارے میں بتایا،ڈاکٹرغلام نبی فائی، ڈاکٹرغلام میر، ڈاکٹرخالدقاضی، امتیازخان، عبدالرؤف میر، سردارسرورخان اور دوسری شخصیات وفدمیں شامل تھیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے