ٹنڈو آدم (رپورٹ: رضوان احمد غوری) ضلع سانگھڑ کی تاریخ میں پہلی بار شفاف طریقے سے آئل اینڈ گیس سوشل ڈیویلپمنٹ کمیٹی کے چئیرمین سینیٹر امام الدین شوقین کی سربراہی میں 74 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی کام ہونے جارہا ہے۔ جس میں حکومتی و اپوزیشن کے ممبران نے اسمبلی کو اسکیمیں دی ہیں ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی (شوقین گروپ) کے رہنماوُں محمد اقبال بھٹی، عبدالوہاب انصاری، غلام قادر قریشی، کونسلر حاجی انور عباسی، آصف عباسی، رانا ذوالفقار، ناہید مجیب نے پریس کلب ٹنڈو آدم میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق یوسی ناظم محمد اسماعیل انصاری، ملک یوتھ ونگ کے صدر ملک سہیل دائمہ، سابق کونسلرز محمداختر شیخ، جام شرف الدین انصاریو دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر امام الدین شوقین کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں انہوں نے ہمیشہ غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا ہے انہوں نے کہا کہ شوقین کی چیئرمین شپ سے قبل 25 کروڑ روپے اور آج تک جتنے بھی ترقیاتی کام آئل اینڈ گیس سوشل ڈولپمینٹ کمیٹی نے کرائے ہیں اسکے ایک ایک روپے کا منصفانہ طریقے سے آڈٹ کرایا جائے اور عوام کو بتایا جائے کہ اس رقم میں سے ٹنڈو آدم شہر، دیگر شہروں اور دیہاتوں میں کتنے پیسے خرچ کئے گئے انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک دیہات اور شہر کی کوئی تفریق نہیں ہے مگر بعض عناصر اور خصوصاً ٹھیکیدار مافیا ان شفاف ترقیاتی کاموں کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوششوں میں مصروف ہے انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی سینیٹر امام الدین شوقین نے جوہر آباد کی عوام کی سہولت کیلئے انڈر پاس بنوانے کی کوششیں کیں مگر انکے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں مگر انڈر پاس ضرور بنے گا اور وہ شوقین ہی بنوائے گا جبکہ کھنڈو روڈ بھی بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور دیہات سب ہمارے ہیں ایک مرتبہ کام شروع ہوجائیں پھر شہر اور دیہات کا کوئی مسئلہ نہیں رہے گا سب کے مسائل حل ہوجائیں گے اور ٹنڈو آدم شہر میں مخصوص وارڈوں میں اسکیمیں دینے کی باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں اور شہر کے چند نہیں بلکہ تمام علاقوں میں بلاتفریق ترقیاتی کام ہونگے۔ ان کاموں کیلئے معیاری کام کرنے والے تجربہ کار ایماندار ٹھیکیدار وں کو ترجیح دی جائے گی ان تمام کاموں کی نگرانی سینیٹر امام الدین شوقین خود کریں گے۔
![]()