ابوظبی (سپورٹس ڈیسک) ابوظبی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں کینگروز نے شاہینوں کو 80 رنز سے شکست دے دی۔ 267 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ایڈم زمپا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے اوپننگ بلے باز امام الحق 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، عماد وسیم نے 43 رنز کی اننگز کھیلی، عمر اکمل اور شعیب ملک بالترتیب 36 اور 32 رنز بناسکے۔ آسٹریلیا کے لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ قبل ازیں ابوظبی میں کھیلے جانے ولاے تیسرے ون ڈے میچ میں کینگروز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے اور گرین شرٹس کوجیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا۔ ایرون فنچ 90 اور گلین میکسویل نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔ آسٹریلیا کی پہلی وکت صفر پر گری جب عثمان خواجہ بغیر کوئی رن بنائے شنواری کی گیند پر بولڈ ہوگئے، 20 رنز پر کینگروز کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا 14 رنز بنا کر شان مارش بھی پویلین لوٹ گئے۔ ایرون فنچ اور ہینڈز کومب نے ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا، فنچ 90 اور ہینڈ کومب 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسٹونس کو 10 رنز پر عماد وسیم نے پویلین روانہ کیا۔ گلین میکسویل نے شنواری کی گیند پر امام الحق کی جانب سے کیچ ڈراب ہونے کے بعد 71 رنز کی اننگز کھیلی، کیری 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری، عماد وسیم، یاسر شاہ، حارث سہیل اور جنید خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، محمد حسنین کافی مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے 5 اوورز میں 50 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
![]()