کوئٹہ (رپورٹ: حمیر قاضی) کوئٹہ اور چمن میں فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ پنجگور میں ایرانی تیل سے لدی 2 گاڑیوں میں تصادم سے ایک گاڑی کا ڈرائیور جھلس کر ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نواکلی میں رشتے کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ سے فیروز نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ ادھر سریاب روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے محمد اللہ نامی شخص کو قتل کردیا جب کہ چمن کے بائی پاس روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان اختر جان جاں بحق ہوگیا۔ دوسری جانب پنجگور کے علاقے پروم کپ میں ایرانی تیل سے لدی 2 گاڑیوں میں تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگنے سے ایک گاڑی کا ڈرائیور جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔ علاوہ ازیں ضلع بولان کے علاقے مٹھڑی کے قریب کار اور ٹرالر کے درمیان تصادم میں 7 افراد زخمی ہوگئے جب کہ کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار محمد اکبر زخمی ہو گیا۔