کراچی،(رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) 27ویں قائداعظم انٹر اسکولز اینڈ انٹر کلب تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2025 شاندار نظم و ضبط، جوش و جذبے اور اسپورٹس مین شپ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ مختلف اسکولوں اور کلبز سے تقریباً 600 کھلاڑیوں نے شرکت کی، جنہوں نے اعلیٰ مہارت اور بہترین انداز میں کھیل کا مظاہرہ کیا۔
اسکول کیٹیگری میں لیڈی برڈ اسکول نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ کورنگی اکیڈمی دوسری، دی وزڈمز قرآن انسٹیٹیوٹ تیسری اور اے سی ای اسکول چوتھی پوزیشن پر رہا بہترین نظم و ضبط کا ایوارڈ اَپرائزر اسکول کو دیا گیا۔ کلب کیٹیگری میں زلفی انٹرنیشنل تائیکوانڈو اکیڈمی آف پاکستان نے نمایاں برتری کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، قارینہ تائیکوانڈو اکیڈمی دوسری، شاہین تائیکوانڈو اکیڈمی تیسری اور بلیزون تائیکوانڈو اکیڈمی چوتھی پوزیشن پر رہی۔
ایونٹ کا کامیاب انعقاد آرگنائزنگ سیکریٹری ماسٹر شبیر حسین کی زیرِ نگرانی ہوا، جبکہ آرگنائزنگ ممبرز محسن علی، اعلے عمران اور حسن علی نے بہترین انتظامی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ کو یادگار بنایا، جنہیں والدین، کوچز اور کھلاڑیوں نے بھرپور سراہا۔
اختتامی تقریب میں مقررین نے کہا کہ اس طرح کے مقابلے نوجوانوں میں اعتماد، نظم و ضبط اور اسپورٹس اسکلز میں اضافہ کرتے ہیں۔ آخر میں کھلاڑیوں، کوچز اور منتظمین کو کامیاب ایونٹ پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔