ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) چوری میں ملوث گروہ کی خواتین عدالت سے ضمانت پر رہائی پانے میں کامیاب ہوگئیں، عدالت نے خواتین کی درخواست ضمانت منظور کرلی، سٹی ڈیرہ میں لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی طلائی زیورات چوری کرنے کے الزام میں گرفتار چھ خواتین نے عدالت میں اپنی ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کی جوکہ عدالت نے منظور کرتے ہوئے انہیں اسی ہزار روپے دونفری ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود محلہ کڑی علیزئی اور محلہ عالم شیرمیں چوری کی مختلف وارداتوں کے دوران بھیک کی آڑ میں خواتین گھروں کے اندر داخل ہوئیں اور وہاں سے اہل خانہ کی موجودگی میں لاکھوں روپے نقدی اور طلائی زیورات چوری کرکے لے گئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق بھیکاری خواتین گزشتہ ماہ 6 نومبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے تھانہ سٹی کی حدود محلہ کڑی علیزی میں محمد عمران ولد محمد حزب اللہ اعوان کے مکان داخل ہوئیں اور مکان سے دس تولہ طلائی زیورات اور تین لاکھ روپے نقدی چوری کرکے لے گئیں۔ واقعہ کے چار روز بعد 10 نومبر کو تین خواتین کا گروہ محلہ میدان حافظ جمال میں محمد سعید ولد غلام صدیق چشتی کے مکان میں داخل ہوا اور بھیک کی آڑ میں وہاں سے دولاکھ روپے نقد اور دو تولہ طلائی زیورات لے اڑیں۔پولیس نے دوران تفتیش چھ خواتین فرزانہ زوجہ داد خان، حسن بانو زوجہ طارق زمان، گلنار زوجہ ناصر علی، سمیرا بی بی دختر ناصر علی، صنوبر بی بی زوجہ لقمان اقوام اعوان ساکنان خیمہ زن بائی پاس چوک لکی مروت اور سلمیٰ بی بی زوجہ نیاز علی اعوان سکنہ خیمہ زن بائی پاس بنوں کو ٹریس کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے خواتین کے خلاف دونوں چوری کی وارداتوں کا مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا تھا۔ عدالت نے خواتین کی ضمانت پر رہائی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کردیا ہے۔
![]()