کیلیفورنیا، (اسپورٹس رپورٹر) آئروِن، لاس اینجلیس میں کیلیفورنیا کرکٹ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام شمالی امریکا کا سب سے بڑا ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ "کیلیفورنیا کپ 2025” شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اس ایونٹ میں امریکا، پاکستان اور کینیڈا سمیت مختلف ممالک سے 30 سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا، جبکہ مجموعی طور پر 74 دلچسپ میچز کھیلے گئے۔
ٹورنامنٹ کے روحِ رواں عمران اشرف کے مطابق بروقت میچز اور سخت مقابلوں کے باوجود ایونٹ کامیابی سے مکمل کرنا ایک بڑا چیلنج تھا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے معروف ٹیسٹ کرکٹرز شعیب ملک، سہیل تنویر اور فواد عالم کے ساتھ ساتھ پاکستان ویمن ٹیم کی سابق نائب کپتان نین عابدی بھی شریک ہوئیں۔ نین عابدی نے ایونٹ کو امریکا کے بہترین کرکٹ مقابلوں میں شمار کیا اور اعلان کیا کہ آئندہ برسوں میں خواتین کی ٹیموں کو بھی شامل کیا جائے گا، جو امریکی خواتین کرکٹ کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہوگی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق کرکٹر شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید تھیں، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ ڈویژن ون کے سنسنی خیز فائنل میں اسپیکٹرم فنانشل زلمی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ہدف حاصل کیا اور 2025 کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ ڈویژن ٹو میں موکا ٹیم فاتح رہی۔
کیلیفورنیا کرکٹ فاؤنڈیشن کے مطابق یہ ایونٹ نہ صرف کرکٹ کے فروغ بلکہ فلاحی سرگرمیوں کے لیے بھی ایک کامیاب پلیٹ فارم ثابت ہوا ہے۔