سانگھڑ، (رپورٹ، رضوان غوری) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن غلام قادر خان تالپور نے ضلع سانگھڑ میں جاری انسدادِ پولیو مہم کا جائزہ لینے کے لیے کھپرو، جام نواز علی، شہدادپور اور ٹنڈو آدم کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران نے کمشنر کو پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے مختلف پولیو ٹیموں کی جانب سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے عمل کا مشاہدہ کیا اور ٹیموں کی حاضری، کارکردگی، ریکارڈ اور ٹارگٹ کوریج کا جائزہ لیا۔
کمشنر غلام قادر خان تالپور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ انہیں موذی بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے۔
کمشنر نے پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ والدین میں آگاہی پیدا کریں اور مہم کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مقررہ اہداف مکمل کیے جائیں۔ ڈویزنل کمشنر نے ضلع سانگھڑ میں جاری پولیو مہم، ٹیموں کی تعیناتی، ٹرانزٹ پوائنٹس کا معائنہ کیا جہاں اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران نے مانیٹرنگ کے حوالے سے آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔