اسلام آباد، (ویب ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے معرکۂ حق کے دوران بھارتی بلااشتعال جارحیت پر پاکستان کے مؤقف کو واضح اور دوٹوک انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے بھارتی حملے سے لے کر معرکۂ حق کی کامیابی تک عالمی برادری کو مسلسل اور مؤثر انداز میں صورتِ حال سے آگاہ رکھا۔
تفصیلات کے مطابق معرکۂ حق میں پاکستان نے مؤثر اسٹریٹجک کمیونیکیشن کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ قومی عزم محض دعویٰ نہیں بلکہ عملی حقیقت ہے۔ پاکستان نے جو مؤقف اختیار کیا، اسے عملی اقدامات سے بھی ثابت کیا گیا، جبکہ قومی یکجہتی اور عزم کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب بھارتی جارحیت پر واضح ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دشمن نے اپنی حدود سے باہر نکل کر پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا، جس کا بروقت، مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے وقت، مقام اور حکمتِ عملی کے مطابق بھرپور ردعمل دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معصوم شہریوں پر حملہ کرنے والے دشمن کو اس کے ہر اقدام کا حساب دینا ہوگا۔ پاکستان اپنی سلامتی اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر تیار ہے اور رہے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جب پاکستان کارروائی کرے گا تو اس کا اثر دنیا خود دیکھے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحدی خلاف ورزی پر پاکستان کا جواب طاقتور اور فیصلہ کن ہوگا، اور یہی عزم قومی یکجہتی اور دفاعی مضبوطی کی علامت ہے۔