اسلامآباد، (ویب ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معرکہ حق پاکستان کی قومی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن باب ہے، جو اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ قومی اتحاد کی صورت میں کوئی قوت کسی قوم کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کر سکتی۔
معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن محض ایک تاریخ نہیں بلکہ جرات، یکجہتی اور غیر متزلزل عزم کی علامت ہے، جس میں مسلح افواج اور پوری قوم نے مل کر وطن کے دفاع میں مثالی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال جب پاکستان کو جارحیت کا سامنا کرنا پڑا تو وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک نے تحمل، تدبر اور اصولی مؤقف کے ساتھ جواب دیا، جو مکمل طور پر قومی مفاد اور ذمہ دارانہ پالیسی پر مبنی تھا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کے حقِ دفاع کے تحت ایک متوازن اور مؤثر ردعمل تھا، جس میں دشمن کے فوجی اہداف کو محدود اور واضح حکمت عملی کے تحت نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور تیاری کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ نے اس دوران فعال سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا، جس سے ملک کے ذمہ دارانہ رویے کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی اسحاق ڈار نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا دارومدار تنازعات کے حل اور باہمی احترام پر ہے، تاہم پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی یہ سالگرہ ماضی کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے عزم کی تجدید بھی ہے، ایک ایسے پاکستان کے لیے جو دفاع کے ساتھ ساتھ معیشت، تعلیم اور سماجی ترقی میں بھی مضبوط ہو آخر میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن اتحاد، یکجہتی اور ایک پرامن و خوشحال پاکستان کے لیے مسلسل جدوجہد کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔