کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر)
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیمیں دوبارہ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے)، واٹر کارپوریشن اور بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ہاکی ٹیمیں بحال کی جائیں گی، جبکہ محکمہ کھیل اور محکمہ تعلیم سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے تعلیمی اداروں میں بھی ہاکی ٹیموں کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بات وزیراعلیٰ ہاؤس میں رکن قومی اسمبلی اور سندھ ہاکی ایسوسی ایشن ویمن ونگ کی صدر سیدہ شہلا رضا کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اولمپیئن حنیف خان، اولمپیئنز کلیم اللہ، افتخار سید، ناصر علی، سمیع اللہ، وسیم فیروز اور انٹرنیشنل ہاکی پلیئر و سابق سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین شامل تھے۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو سندھ میں ہاکی کی بحالی کے حوالے سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور سندھ میں ہاکی کے لیے جدید انفرااسٹرکچر موجود ہے۔ انہوں نے 35ویں نیشنل گیمز میں سندھ ہاکی ٹیم خصوصاً ویمنز ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سابق اولمپیئنز کی جانب سے کھلاڑیوں کو مفت تربیت فراہم کرنا قابلِ تحسین عمل ہے، جس سے نوجوان نسل ہاکی کی جانب راغب ہو رہی ہے، اور حکومت سندھ قومی کھیل کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔