کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) نگراں وزیر صحت، سماجی بہبود، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیہی ترقی سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے سندھ بھر میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا۔ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح مدر چائلڈ اسپتال سچل گوٹھ ضلع شرقی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔ اس موقع پر ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کوآرڈینیٹر سندھ ارشاد سوڈھر، ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی الطاف احمد شیخ، ڈاکٹر احمد علی شیخ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے و دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر سعد خالد نیاز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے دوران سندھ میں ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، اس سال پاکستان میں پولیو کے 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے تین کیسز ضلع بنوں کے پی اور دو کیسز کراچی کے ضلع شرقی سندھ سے رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ دو مہینوں میں کراچی میں پولیو وائرس کے متعدد مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کراچی سے ظاہر ہونے والے مثبت ماحولیاتی نمونوں کا تعلق افغانستان کے مختلف حصوں سے ہے اور چونکہ کراچی پورے خطے کا معاشی مرکز ہے لہذا مثبت ماحولیاتی نمونوں کا بار بار ظاہر ہونا تشویشناک بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی سے مثبت ماحولیاتی نمونوں کے ظاہر ہونے سے پورے خطے اور دنیا کے بچوں کو خطرہ لاحق ہونے کا اندیشہ ہوجاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں 80000 سے زائد پولیو ورکرز اور سپروائزرز حصہ لیں رہے ہیں جبکہ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کے لیے 5300 سے زائد پولیس اہلکار فیلڈ میں تعینات ہوں گے مزید ہمیں رینجرز کی بھی مدد میسر رہے گی۔ انھوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے بچوں کو پولیو کی ویکسینیشن لازمی کروائیں، ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کو مہلک اور معذوری کے پولیو وائرس سے بچایا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن، طبی ماہرین و ممتاز مذہبی اسکالرز اورل پولیو ویکسین کو سب سے محفوظ اور موثر ویکسین قرار دے چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پولیو ورکرز بہت محنت کررہے ہیں، لوگوں کو اندازہ نہیں کہ پولیو ورکرز کتنی مشکلات سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ پولیو ورکرز کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں امید کے آئندہ کے ماحولیاتی نمونوں کے نتائج منفی آئیں، ہمارے مشترکہ تعاون سے پولیو کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا
Home / پاکستان / نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے سندھ بھر میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا