کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور دیگر رہنماؤں نے واقعے کو ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا انسانیت اور دینی اقدار پر براہِ راست حملہ ہے۔
نمائش چورنگی کراچی پر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی، صوبائی اور ڈویژنل رہنماؤں نے کہا کہ دہشتگردی کا مقصد پاکستان میں امن و امان کو سبوتاژ کرنا اور فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں طالبان اور کالعدم تنظیموں کے نیٹ ورکس مضبوط ہو رہے ہیں اور تکفیری دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے بغیر قیامِ امن ممکن نہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ دہشتگردی کے متواتر واقعات کے باعث عوام میں خوف اور مایوسی کی فضا قائم ہو رہی ہے، جبکہ عبادت گاہیں امن کی علامت ہوتی ہیں اور ان پر حملے پورے معاشرے پر حملے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور مذہبی مقامات کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور کسی بھی صورت امن دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے اسلام آباد کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ زخمی نمازیوں کے لیے خون کے عطیات دے کر انسانی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔