کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (سپرا) کے متحرک رکن اور سینئر صحافی خاور حسین مرحوم کی پہلی برسی کے موقع پر سندھ اسمبلی آفس میں دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں مرحوم کے والد چودھری رحمت باجوہ نے خصوصی طور پر شرکت کی تقریب میں خاور حسین مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اس موقع پر مرحوم کے والد چودھری رحمت باجوہ نے کہا کہ خاور حسین سندھ پرست صحافی تھے اور سندھ دھرتی سے والہانہ محبت کا اظہار سرعام کرتے تھے انہوں نے کہا کہ مجھے خاور حسین کے نڈر پن سے ڈر لگتا تھا کیونکہ وہ ہمیشہ حق اور سچ کی بات بے خوف ہوکر کرتے تھے۔
سپرا کے نائب صدر حمید سومرو، جنرل سیکریٹری اکرم بلوچ، جوائنٹ سیکریٹری ارباب چانڈیو، آفس سیکریٹری سنجے سادھوانی، کے ایم عباسی، قاضی آصف، شبیر لاشاری، محمد علی نقرچ اور دیگر نے خاور حسین کی پیشہ ورانہ خدمات اور صحافتی زندگی پر روشنی ڈالی خاور حسین نے سانگھڑ سے کراچی آکر مختصر عرصے میں صحافت میں اپنا ایک نمایاں مقام بنایا اور ہر معاملے کو حقیقت کی نظر سے دیکھتے ہوئے کئی اہم اور تحقیقاتی اسٹوریز کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
خاور حسین سندھ دھرتی سے بے پناہ محبت کرتے تھے اور اس کا برملا اظہار بھی کرتے تھے وہ نہ صرف سندھ کے قدرتی حسن بلکہ فطرت سے بھی گہری محبت رکھتے تھے ان کی بے باک صحافت، نڈر مزاج اور ساتھیوں کے ساتھ مخلصانہ رویہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور وہ اپنے ساتھیوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
دعائیہ تقریب کے اختتام پر خاور حسین مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے خیرات کا بھی اہتمام کیا گیا۔