کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے آج ٹی وی، 365 نیوز، بول نیوز، این ٹی این نیوز، اے جی این، نیو ٹی وی، ایک نیوز سمیت دیگر میڈیا اداروں میں صحافیوں، کیمرہ مینوں اور دیگر میڈیا ورکرز کو گزشتہ تین ، چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام زیرِ التوا تنخواہیں فوری ادا کی جائیں کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چودھری اور سیکرٹری ریحان چشتی نے کہا کہ میڈیا ورکرز پہلے ہی مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ایسے میں کئی ماہ تک تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں تنخواہ ہر ملازم کا بنیادی حق ہے اور اس کی بروقت ادائیگی میڈیا اداروں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان اور انتظامیہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز میں بے چینی پیدا کرکے انہیں انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کریں کے یو جے دستور نے تمام متعلقہ میڈیا اداروں کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی بقایا تنخواہیں بلا تاخیر ادا کی جائیں اور مستقبل میں تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ یونین عہدیداران نے واضح کیا کہ اگر زیرِ التوا تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فوری اور عملی اقدامات نہ کیے گئے تو کے یو جے دستور متاثرہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے ساتھ مل کر احتجاج، مظاہروں اور دیگر قانونی و جمہوری طریقۂ کار اختیار کرے گی، جس کی ذمہ داری متعلقہ اداروں کی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔