کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سکرنڈ کے گاؤں محسن شاہ سے 52 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ متاثرین میں 14 بچے، 18 خواتین اور 20 مرد شامل ہیں۔
سندھ پروینشل رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی سیل کے فوکل پرسن زبیر چنّہ کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ قیمتی سامان بھی محفوظ مقام تک پہنچایا، جس میں 48 سولر پلیٹس، کپاس کے بیج، گھریلو برتن، واشنگ مشین اور دیگر سامان شامل تھا۔
انہوں نے کہا کہ دریاؤں اور بیراجوں پر پانی کی آمد کے باعث لوگوں کو منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچنے کے لیے ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور قریبی سیلابی علاقوں سے بروقت انخلا یقینی بنائیں۔ صوبائی حکومت کی ہدایت پر کنٹرول روم فعال ہے اور اہلکار ہر وقت ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے موجود ہیں۔