کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے "ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025ء” کے سلسلے میں پہلی پریس کانفرنس کا انعقاد حسینہ معین ہال، احمد شاہ بلڈنگ میں کیا۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان، سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی اور آرٹسٹ پروموٹر سجاد خان موجود تھے۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025ء کا آغاز 30 اکتوبر سے ہوگا جو 7 دسمبر تک جاری رہے گا۔ گزشتہ برس 38 روزہ فیسٹیول میں 44 ممالک کے فنکاروں نے شرکت کی تھی جبکہ اس بار 39 روزہ فیسٹیول میں 102 ممالک کے 800 سے زائد فنکار پاکستان آئیں گے، جن میں افریقہ، ایشیا، یورپ، امریکہ، آسٹریلیا اور لاطینی امریکہ کے نمایاں آرٹسٹ شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مرتبہ فیسٹیول میں میوزک، تھیٹر اور ڈانس کے ساتھ فلم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کے معروف فنکاروں میں فقیر ذوالفقار، اکبر خمیسو خان، مائی ڈھائی اور صنم ماروی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔ علاوہ ازیں، جنوری 2026ء سے آرٹس کونسل میں فلم اکیڈمی کا آغاز کیا جائے گا تاکہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کو فروغ دیا جاسکے۔
احمد شاہ نے حکومتِ سندھ کی بھرپور معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے حکومت نے مکمل تعاون فراہم کیا ہے۔ فیسٹیول کی اختتامی تقریب 7 دسمبر کو ہوگی جس میں راحت فتح علی خان پرفارم کریں گے۔ اس موقع پر استاد نصرت فتح علی خان کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
نامور گلوکار راحت فتح علی خان نے کہا کہ "ورلڈ کلچر فیسٹیول” کا حصہ بننے پر وہ صدر آرٹس کونسل کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے فیسٹیولز ہر شہر میں منعقد ہونے چاہئیں تاکہ پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہو۔ انہوں نے سندھ حکومت اور آرٹس کونسل کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ حالیہ دنوں میں کراچی، سکھر اور حیدرآباد میں منعقد ہونے والے کنسرٹس کو عوام نے بھرپور پذیرائی دی۔
راحت فتح علی خان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی اور لاہور میں "نصرت فتح علی خان اور راحت فتح علی خان اکیڈمیز” کے قیام کا اعلان کیا ہے، جہاں نوجوانوں کو موسیقی کے فن کی تربیت دی جائے گی۔