کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ عوامی سہولت اور دسترس کے لیے مزید موٹر رجسٹریشن فیسیلیٹیشن سینٹرز کا قیام عمل میں لارہے ہیں اور محرم الحرام کے بعد کراچی کے دیگر اضلاع سمیت سندھ بھر کے تمام ڈویژنز میں موٹر رجسٹریشن سینٹرز کا افتتاح کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کلفٹن میں ایگزیکٹو سینٹر موٹر رجسٹریشن کے افتتاح کے بعد میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ایکسائز سندھ محمد سلیم راجپوت، ڈی جی ایکسائز و ٹیکسیشن محمد اقبال لغاری، ڈائریکٹرز اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صوبائی وزیر ایکسائز سندھ مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ عوام کو سوک سینٹر تک جانے میں کافی دشواری ہوتی تھی لہذا آج کلفٹن میں یہ ایگزیکٹو فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے تاکہ ڈیفنس کلفٹن اور اطراف کے رہائشی افراد کو سہولت مل سکے گی۔ انھوں نے کہا کہ ابھی ابتداء میں یہ صبح 9 تا پانچ بجے تک کام کرے گا اور محرم کے بعد اس سینٹر کو 24 گھنٹے فعال کردیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہاں عوام کو ہر طرح کی سہولت مہیا کی جائے گی اور یہ سسٹم آن لائن سوک سینٹر سے منسلک ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے بل پاس کیا ہے آگے جا کر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مزید سینٹر بنائیں گے، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ میں دو دو سینٹرز بنائیں گے پھر ڈسٹرکٹ کی سطح پر بھی جائیں گے۔ منشیات کے خلاف کاروائیوں کے سوال پر صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے میڈیا سے شکوہ کیا کہ آدھے گرام پر بریکنگ نیوز چلتی ہیں لیکن میڈیا بھاری مقدار میں پکڑے جانے والی منشیات ٹھیک رپورٹ نہیں کرتا، منشیات کے حوالے سے بلاتفریق مؤثر کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ کابینہ میٹنگ میں منشیات فروشوں کی ضمانتوں سے متعلق یہ مسئلہ اٹھایا تھا کہ کورٹ ضمانت دے دیتی ہے اور منشیات فروش جیلوں سے رہا ہوکر پھر فعال ہوجاتے ہیں اس حوالے سے اسپیشل کورٹس بنائی جارہی ہیں جہاں سزاؤں کا طریقہ کار تیز ہوگا اور کوشش کریں گے کہ منشیات فروشوں کی ضمانت نہ ہو۔ مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ ہم اسپیشل کورٹ کو کہیں گے کہ کیس پراپرٹی سیمپل کے طور اپنے پاس جمع کریں اور باقی منشیات فوری طور پر تلف کردیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر منشیات فروشوں کو جلد ضمانت نہیں ملے گی تو اسکے مثبت نتائج ملیں گے، میں میڈیا سے بھی گذارش کرتا ہوں کہ وہ نشاندہی کرے حکومت ایکشن لے گی، حکومت نے اس حوالے سے سخت ایکشن کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اندرون سندھ بھی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
Home / اہم خبریں / صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے کلفٹن میں ایگزیکٹو سینٹر موٹر رجسٹریشن ونگ کا افتتاح کردیا