تازہ ترین
Home / اہم خبریں / سی اے اے نے سیرین ایئر کا لائسنس معطل کردیا، تمام پروازیں بند

سی اے اے نے سیرین ایئر کا لائسنس معطل کردیا، تمام پروازیں بند

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/ اسٹاف رپورٹر اسپورٹس) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے سیرین ایئر کا ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ (AOC) معطل کرتے ہوئے تمام ملکی و بین الاقوامی پروازوں کو فوری طور پر بند کردیا ہے جاری اعلامیے کے مطابق سیرین ایئر مطلوبہ کم از کم بیڑے کی تعداد برقرار رکھنے میں ناکام رہی، جبکہ اس وقت ایئرلائن کے پاس کوئی بھی قابلِ پرواز طیارہ موجود نہیں۔

سی اے اے کے مطابق، ایسے حالات میں ایئرلائن قواعد و ضوابط کے مطابق اپنی پروازیں جاری نہیں رکھ سکتی۔ ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز کے دستخط سے جاری حکم نامے میں سیرین ایئر کو فوری طور پر اپنا سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد ایئرلائن کا تمام پروازوں کا شیڈول تا حکمِ ثانی منسوخ تصور کیا جائے گا۔

سی اے اے کے ترجمان ایئر کموڈور (ر) شاہد قادر نے سیرین ایئر کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ فضائی سلامتی کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ایک سینئر عہدیدار کے مطابق، ایئرلائن کو متعدد بار تنبیہ کی گئی تھی کہ اپنے طیارے بحال کرے ورنہ کارروائی ہوگی، تاہم بار بار یاد دہانی کے باوجود وہ تعمیل میں ناکام رہے۔

سیرین ایئر، جو پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے میں پہلی چینی نجی سرمایہ کاری ہے اور بیجنگ کے لیے پروازیں چلانے والی پہلی پاکستانی نجی ایئرلائن بھی ہے، کی معطلی سے متعدد مسافر سعودی عرب میں پھنس گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، بعض ٹریول ایجنٹس معطلی کے باوجود ٹکٹ فروخت کر رہے ہیں، جس پر سی اے اے نے صارفین کے تحفظ کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے ہیں۔

ایئرلائن نے اپنے دفاع میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کا ایک طیارہ سعودی عرب میں پرندے سے ٹکرانے کے باعث گراؤنڈ کردیا گیا، جس سے کئی مسافر پھنس گئے۔ سیرین ایئر کے ایک عہدیدار نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو میں بتایا کہ ’’ہم نے سی اے اے سے درخواست کی ہے کہ ہمیں خصوصی اجازت دی جائے تاکہ طیارہ واپس لا کر مسافروں کو وطن لایا جا سکے۔‘‘

پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے کو اس سے قبل بھی مالی و انتظامی بحرانوں کا سامنا رہا ہے۔ شاہین ایئر انٹرنیشنل 2018 میں مالی مشکلات کے باعث بند ہوگئی تھی، جس کے بعد اب ملک میں صرف تین ایئرلائنز— پی آئی اے، ایئر بلیو اور فلائی جناح — فعال ہیں جو اندرونِ ملک اور محدود بین الاقوامی روٹس پر پروازیں چلا رہی ہیں۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

آٹھواں الفا اسپورٹس فیسٹیول شاندار انداز میں اختتام پذیر، 70 تعلیمی اداروں کے ساڑھے سات ہزار طلبہ کی شرکت

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) الفا ایجوکیشن نیٹ ورک کے زیر اہتمام آٹھواں الفا اسپورٹس فیسٹیول …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے