تازہ ترین
Home / اسلام آباد / پرانے اور استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد

پرانے اور استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد

اسلام آباد، (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پرانے اور استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دی ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ اقدام کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعہ 18 کی ذیلی شق (3) کے تحت وفاقی حکومت کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس کے تحت پی سی ٹی ہیڈنگ 8702، 8703، 8704 اور 8711 کے تحت آنے والی استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔ یہ ڈیوٹی امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کے ضمیمہ سی کے ٹیبل میں دی گئی شرائط کے مطابق ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ریگولیٹری ڈیوٹی اس سے قبل عائد کی گئی ڈیوٹی (نوٹیفکیشن S.R.O. No.1152(l)/2025 مؤرخہ 30 جون 2025) کے علاوہ ہوگی۔ اس طرح پرانی گاڑیوں کی کمرشل درآمد مزید مہنگی ہو جائے گی۔

وزارتِ تجارت نے حال ہی میں ایک ایس آر او جاری کیا تھا، جس کے تحت پانچ سال تک پرانی گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت دی گئی ہے، تاہم ان پر 40 فیصد اضافی ڈیوٹی فوری طور پر لاگو ہوگی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 18 ستمبر 2025 کو ہونے والے اجلاس میں، جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کی، وزارتِ تجارت کی جانب سے پیش کی گئی سمری کی منظوری دی تھی۔ بعد ازاں وفاقی کابینہ نے بھی ای سی سی کے فیصلے کی توثیق کی۔

وزارتِ تجارت کے جاری کردہ ایس آر او 1895 (1)/2025 کے مطابق، حکومت نے امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں ترمیم کرتے ہوئے پانچ سال سے کم پرانی گاڑیوں کی کمرشل درآمد 30 جون 2026 تک کی اجازت دی ہے۔ اس کے بعد گاڑیوں کی عمر کی حد ختم کر دی جائے گی۔

ترمیمی حکم نامے کے مطابق، درآمد شدہ گاڑیاں ماحولیاتی، حفاظتی اور معیار کے تقاضوں پر پورا اترنے کی پابند ہوں گی۔ ان کی جانچ اور سرٹیفکیشن انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) وزارتِ صنعت و پیداوار کی جانب سے طے شدہ اصولوں کے تحت کی جائے گی۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عارضی نوعیت کی ہوگی اور یہ 30 جون 2026 تک برقرار رہے گی۔ اس کے بعد ہر سال 10 فیصد کی کمی کے ساتھ اسے بتدریج ختم کیا جائے گا، تاکہ مالی سال 2029-30 تک یہ شرح صفر ہو جائے، جیسا کہ ٹیرف پالیسی بورڈ کی سفارشات میں بیان کیا گیا ہے۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

اخباری صنعت کی نمائندہ تنظیم ایپنک کے الیکشن 16 نومبر کو منعقد ہوں گے، حبیب الدین جنیدی چیف الیکشن کمشنر، امتیاز فاران اور لیاقت ساہی ممبران مقرر

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کے مشترکہ اجلاس …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے