کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان قومی اتحاد کے جنرل سیکریٹری سہیل یعقوب نے کہا ہے کہ سوئی گیس کی اعلی انتظامیہ بشمول سی ای او نااہل افراد پر مشتمل ہے۔ سی این جی سیکٹر میں بد انتظامی اور لوٹ مار کی وجہ سے گردشی قرضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پٹرولیم سیکریٹری نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ سردیوں میں حکومت ایل این جی عام صارفین کو نہیں دے۔ حکومت کو خطرہ ہے کہ اس سے گردشی قرضوں میں اضافہ ہوگا جو کہ پہلے ہی دو سو ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ جب بجلی کے بل کی وصولی میں بہتری آئی ہے تو گیس کے بل کی وصولی میں بہتری کیوں نہیں آسکتی؟ دو سو ارب روپے گیس بل میں عدالتی کیسز بھی شامل ہیں، سارا الزام گھریلو صارفین کے سر پر نہ تھوپا جائے۔ اگر سردیوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کی گئی تو سرد علاقوں میں لوگوں کا جینا حرام ہو جائے گا۔ یہ سب کچھ حکومت کی حماقت سے ہو رہا ہے۔ طویل المدتی معاہدے ختم کرکے اسپاٹ مارکیٹ سے اب مہنگی گیس خرید رہے ہیں۔ سوئی گیس بل کے اصل نادہندہ بڑے سرکاری ادارے اور کمرشیل صارفین میں چھپی ہوئی کالی بھیڑیں ہیں۔ ان کا انتقام عام صارفین سے نہ لی جائے جو کہ پہلے ہی مہنگائی اور بیروزگاری کی پریشانیوں کا شکار ہیں۔ اگر گیس گھریلو صارفین کی بجائے منظور نظر انڈسٹریز کو فروخت کی گئی تو پاکستان قومی اتحاد اس کے خلاف احتجاجی تحریک چلائے گی۔ پاکستان قومی اتحاد پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ ایک بیان میں موسم سرما کے آغاز سے قبل ہی گیس کی بندش اور قیمتوں میں اضافے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پی کیو آئی کے جنرل سیکریٹری سہیل یعقوب نے مزید کہا کہ آئے روز سی این جی کی اچانک بندش، وفاقی حکومت کی نااہلی ہے۔ سوئی گیس اور سی این جی کی بلا عذر بندش سے صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، سندھ گیس کے وسائل سے مالا مال صوبہ ہے تاہم گیس کی فراہمی کے لئے یہاں کے صارفین کو بلاوجہ پریشان کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ آخر کیا وجہ ہے کہ وفاقی ادارے سوئی گیس کی بلا تعطل فراہمی میں ناکام ہیں؟ سوئی گیس حکام کی نااہلی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ جہاں گیس کی پیداوار ہے وہاں گیس کی لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالا تر ہے۔ سوئی گیس کے صارفین باقاعدگی سے ماہانہ بنیادوں پر بجلی کے بلز ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود انہیں گیس لوڈشیڈنگ اور پریشر کی کمی جیسا عذاب بھگتنا پڑ رہا ہے۔ رواں ماہ سے حکومت نے گیس کی لوڈ شیڈنگ اور قیمتوں میں بھی اضافے کا عندیہ دے دیا ہے جو عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔