سانگھڑ (رپورٹ: رضوان احمد غوری) ڈویژنل کمشنر شہید بے نظیر آباد سید محسن علی شاہ نے ضلع سانگھڑ میں کامیاب انسداد پولیو مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر میں رفیوزل کیسز کو فوری طور پر کور کیا جائے جبکہ ان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، آج ڈی سی آفس سانگھڑ میں انسداد پولیو مہم کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر سید محسن علی شاہ نے کہا کہ ڈویژن میں پولیو کے حوالے سے ضلع سانگھڑ کی کارکردگی قابل ستائش ہے کیونکہ محکمہ صحت ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سخت محنت کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ رفیوزل، کیسز کی مکمل نشاندہی کرنے کے بعد بچوں کے والدین کو علاقے کے معزز افراد کی مدد سے قائل کیا جائے اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔ تاہم پولیو مہم کے لئے ٹیموں کی تعداد بڑھا دی جائے اور انہیں مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں تمام تر غیر سرکاری تنظیموں کو بھی شامل کیا جائے، اجلاس کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امجد علی خان نے پولیو مہم سے متعلق آگاہ کیا، جس پر ڈویژنل کمشنر نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ سانگھڑ کی کارکردگی دیکھ کر خوش ہوئے ہیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ، اے ڈی سی ون سید پریل شاہ ، اے ڈی سی ٹو اسد اللہ کھوسو، پی پی ایچ آئی کے ضلعی منیجر عمر بشیر باجوہ، ڈاکٹر وشنو مل، ڈاکٹر فاروق، ڈاکٹر دیدار خاصخیلی، تمام ای سیز اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔