کراچی (رپورٹ، ذیشان حسین) کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) اور کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آج ٹی وی کے دفتر کے باہر صحافیوں کی جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چوہدری اور جنرل سیکریٹری ریحان خان چشتی نے کی جبکہ کراچی پریس کلب، کے یو جے برنا، کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن، لوکل گورنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن، اے سی جے اور پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس اینڈ رائٹرز ایسوسی ایشن سمیت مختلف صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں، صحافیوں، فوٹو جرنلسٹس، کیمرہ مینوں اور میڈیا ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور میڈیا ملازمین کے معاشی استحصال کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مقررین نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز میں جبری برطرفیاں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی ناقابل قبول ہے، صحافیوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور متاثرہ کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے نصراللہ چوہدری اور ریحان خان چشتی نے کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ایسے حالات میں تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے والے میڈیا مالکان کا بھی گھیراؤ کیا جائے گا، مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ ملک گیر سطح تک بڑھایا جائے گا۔