کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) تحریک انصاف کے رہنما حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ حکومت کو ٹف ٹائم دینے والوں کا خود برا وقت چل رہا ہے، سیاسی اختلافات کو بڑھانا خود اپوزیشن جماعتوں کے لیے مصیبت کا باعث بن رہا ہے، تحریک انصاف کی حکومت ہرحال میں اپنی مدت پوری کریگی، پی ڈی ایم کی جماعتیں حکومت گرانے کے لیے تمام ہر حربے آزما چکی ہے، عوام دیکھ رہی ہے کہ اپوزیشن جماعتیں غیر جمہوری انداز میں حکومت کو گھر بھیجنا چاہ رہی ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی ماضی کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے عوام اب ان پر اعتبار نہیں کرنا چاہتی اور یہ نہیں جس شدت کے ساتھ پی ڈی ایم جماعتیں اداروں پر تنقید کر رہی ہے وہ بھی عوام کو برداشت نہیں ہو رہا ہے پی ڈی ایم والے وہ زبان اداروں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں جو ملک دشمن عناصر عموما بولتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، ان کا کہنا تھا کہ جب تک عوام تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے حکومت تحریک انصاف کی ہی رہے گی۔ وزیر اعظم لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیداکرنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں، اور ہم اس عوامی خدمت کی بنیاد پر نہ صرف موجودہ مدت پوری کرینگے بلکہ اگلے انتخابات بھی بھرپور انداز میں جیتے گے، جس کے لیے ہم اپنے اتحادی جماعتوں کے قائدین کے بھی شکر گزار ہیں جو عوام کی اس خدمت میں ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے پاک فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی، جبکہ متعدد بار پاک فوج کے ترجمان یہ باور کروا چکے ہیں کہ پاک فوج غیر جانبدار ہے لہذا پاک فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔