کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جوائنٹ سیکریٹری طارق چاندی والا نے کراچی کے لئے بجلی 37 پیسے مہنگی کرنے کے حکومتی اقدام کو لوڈشیڈنگ کے باعث بدترین اذیت، ایوریج اور ایسڈ بلز کی وجہ سے معاشی مسائل کے شکار بجلی صارفین پر ایک اور ظلم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کا وعدہ یاد کریں، اور اسے پورا بھی کریں۔ نیپرا کا ادارہ ختم کرکے بجلی سمیت تمام اشیاء کی قیمتوں کا تعین پارلیمنٹ سے کرایا جائے۔ عوام کی معاشی بدحالی کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں کیا جانے والا اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔ بجلی کے میٹروں پر صارفین کی شکوک و شبہات کو دور کیا جائے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر پابندی عائد کی جائے اور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے بھی مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مسلسل مافیاؤں کے ہاتھوں لوٹ کھسوٹ کے لئے چھوڑ رکھا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت بھی ماضی کے لٹیرے حکمرانوں کے نقش قدم پر چل پڑی ہے۔ کے الیکٹرک دس طرح کے پینترے استعمال کر کے عوام کو لوٹتی ہے، لیکن عوام کے حق میں کوئی کاروائی نہیں۔ کے الیکٹرک کی 7 ماہ کے فیول ایڈجسمنٹ کی درخواستوں پر اسی کے حق میں فیصلے سنائے جاتے ہیں۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی عوام کی خیر خواہ ہے۔ تمام پارٹیوں نے اقتدار کے لئے سودے بازی کی ہے۔ پاسبان عوام کی طاقت سے حکومت میں آئے گی اور عوام کو جابر کمپنیوں سے نجات دلاکر سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں طارق چاندی والا نے مزید کہا کہ کیا فیول کے استعمال کے وقت نیپرا کے افسران موجود ہوتے ہیں؟ کیا کبھی نیپرا کے افسران نے کے الیکٹرک کے لگائے گئے میٹروں کو چیک کرکے، صارفین کے شکوک و شبہات کو دورکرنے کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں؟ کیا تانبے کی تاریں نکال کر سلور کی تاریں لگانے کے بعد بجلی کے وولٹیج اور میٹروں کی رفتار کا جائزہ لیا گیا ہے؟ نیپرا ادارہ ہے اس کے نمائندے عوامی نمائندے نہیں۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار بھی نظام نہیں بدل سکی اور قوم کو ہر معاملے میں مایوس کیا۔ چینی مافیا کے بعد بجلی مافیا کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان ماضی کے حکمرانوں سے سبق حاصل کریں، نظام بدلیں۔ اسی لوٹ کھسوٹ کے نظام کے خلاف عوام نے پی پی پی اور مسلم لیگ کو اپنے ووٹوں کے ذریعے مسترد کرکے اپنے اوپر ہونے والے ظلم کا بدلہ لیا۔ اگر پی ٹی آئی کی حکومت نے بھی مہنگائی مافیا کی سرپرستی نہ چھوڑی تواس کا بھی یہی حشر ہوگا۔ طارق چاندی والانے مزید کہا کہ ایک جانب مہنگائی اور دوسری جانب لاک ڈاؤن نے عوام کو قلاش کرکے رکھ دیا ہے۔ ایسی صورتحال میں حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے۔