تازہ ترین
Home / Home / لوگوں سے ڈرنا چھوڑ دیں! … تحریر : عاکفہ وحید (سرگودھا)

لوگوں سے ڈرنا چھوڑ دیں! … تحریر : عاکفہ وحید (سرگودھا)

ہم میں سے بہت سے لوگ اپنے خوابوں کے لیے صرف اس وجہ سے جدوجہد نہیں کرتے کہ اگر ہم ناکام ہوئے تو لوگ کیا کہیں گے۔ ہمیں لگتا ہے کہ اگر ہم کوئی انوکھا کام کریں گے تو لوگ ہم پر ہنسیں گے۔ ہمیں لگتا ہے کہ اگر ہم کوئی رسک لیں گے تو ناکام ہونے پر لوگ طرح طرح کی باتیں بنائیں گے اور اس وجہ سے ہمارے اپنے بھی ہمارا ساتھ چھوڑ جائیں گے۔ مگر کیا ہم نے سوچا ہے کہ لوگ تو عام حالات میں بھی کبھی ہم سے خوش نہیں ہوتے، ہمارا ساتھ نہیں دیتے اور باتیں بنانے سے باز نہیں آتے۔۔۔ تو کیا ہم جینا چھوڑ دیتے ہیں؟؟ نہیں نا تو پھر ہم اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے اور اپنی منزل کی جستجو کے لیے ان لوگوں سے آخر کیوں ڈرتے ہیں۔
یہ لوگ تو نوکری کرتی اس عورت کے کردار کی دھجیاں اڑا دیتے ہیں، یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ کسی مجبوری کے تحت پیسے کمانے اپنے گھر سے نکلتی ہے۔ یہ لوگ تو میکے میں چند دن زیادہ گزارنے والی عورت سے الٹے سیدھے سوالات پوچھنے لگ جاتے ہیں، یہ جانتے ہوئے بھی وہ خوشی سے اپنے شوہر اور بچوں سے دور میکے میں نہیں بیٹھی ہوئی۔ یہ لوگ تو اس بے روزگار مرد کی قابلیت پر انگلیاں اٹھانے لگ جاتے ہیں، یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ اتنی اعلیٰ ڈگری حاصل کرنے کے بعد بھی نوکری نہ ملنے کی اذیت کو اپنے دل میں چھپائے بیٹھا ہے۔ یہ لوگ تو اس لڑکی میں عیب تلاش کرنے لگ جاتے ہیں کہ جس کی شادی کی عمر نکل رہی ہے، یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ کتنی بار رشتہ دیکھنے والے سوداگروں کے سامنے اپنا آپ بے مول کر چکی ہے۔ یہ لوگ تو بیٹیوں کے باپ کو مستقبل کے خرچوں کی فکر دلا دلا کر بیمار کر دیتے ہیں، یہ جانتے ہوئے بھی کہ اس میں اس انسان کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ یہ لوگ تو شادی کے کھانے میں بھی نقص نکال لیتے ہیں، یہ جانتے ہوئے بھی کہ اپنی اولاد کی شادی میں دیے جانے والے اس کھانے کی فکر میں ناجانے ایک باپ کتنی راتوں سے نہیں سویا ہوگا۔
یہ ایسے مشاہدے ہیں جو ہم سب اپنی روزمرہ کی زندگی میں کرتے ہیں۔ جب یہ لوگ اپنی حرکتوں سے، اپنی عادتوں سے پیچھے نہیں ہٹتے تو پھر آپ کیوں اپنے خوابوں کو ایسے لوگوں کے ڈر سے قربان کر رہے ہیں۔ آپ ان لوگوں کو بدل نہیں سکتے۔ لہذا اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے محنت شروع کریں۔ صرف اور صرف اپنے رب سے ڈریں، اس پاک ذات سے مدد طلب کریں اور پھر ایسی محنت کریں کہ ایک دن یہی لوگ آپ کی قسمت پر رشک کریں۔
خود سے یہ عہد کریں کہ آج سے آپ اپنی منزل کی جستجو میں لگ جائیں گے اور لوگوں سے ڈرنا چھوڑ دیں گے۔ کیوں کہ یہ لوگ صرف باتیں ہی بنا سکتے ہیں جب کہ آپ محنت اور لگن سے ایک دن اپنی منزل کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ رب العالمین آپ سب کو کامیابیوں سے نوازے۔ آمین!

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

Pakistan National Football team faces travel disruption

Islamabad, (Nop Sports) The Pakistan National Football Team is set to play its final away …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے