کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے یتیم اور بے سہارا افراد کےلئے شلیٹر ہوم کا افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفئر روشن شیخ ، ڈی جی، ڈی سی اور دیگر عہدیدران بھی موجود تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ حکومت نے ہمیشہ مستحقین اور بے سہارا لوگوں کی مدد کی ہے اور یہ شیلٹر ہوم اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے شیلٹر ہوم کے مختلف وارڈز کے دورے کے دوران موجود بچوں اور ان کے گھر والوں سے بات چیت بھی کی۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے شیلٹر ہوم اور اس میں دی گئی سہولیات کو سراہا اور کمپلیکس کے باہر پودہ بھی لگایا اور دعا کی گئی۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ سندھ حکومت کا ایک اور وعدہ وفا ہوگیا۔ دو ہزار تیرہ میں سندھ پاکستان کا پہلا صوبہ بنا جس نے چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی بنائی اور چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی نے کام شروع کیا اور ہر ضلع میں چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کا دفتر بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے بچوں کے تحفظ کے لئے ٹول فری نمبر جاری کیا ہے۔ 1121 چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کا ٹول فری نمبر ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بچے کے ساتھ زیادتی ہو یا کوشش ہو تو فوری اس نمبر پر رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مروہ نامی بچی کے ساتھ کراچی میں ایک دلخراش واقعہ ہوا مگر اس بچی کے لواحقین نے نہ تو پولیس کو اور نہ اتھارٹی کو آگاہ کیا اس واقعہ کے بارہ گھنٹے بعد پولیس کو آگاہ کیا گیا اور پولیس نے گمشدگی کی اطلاع کے بعد تحقیقات شروع کیں اگر بروقت آگاہ کردیا جاتا تو پولیس جلد اپنا کام شروع کرتی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور عوام حکومت کا اس سلسلے میں ساتھ دیں۔ سندھ حکومت کا اس سلسلے میں یہ تیسرا بڑا اقدام بے جو بے سہارا بچوں اور بچیوں کی بحالی کے سینٹرز کا قیام تھا جس میں بچوں کو بے راہ روی اور گداگری سے بچانے کے لئے چائلڈ ایکٹ بنایا اور اس میں ترامیم کی گئیں۔ جس کے بعد سڑکوں سے بچوں کو لا کر ان سینٹرز میں لایا جاتا ہے جس کے پہلے مرحلے میں ایسے بچوں اور ماؤں کا ڈی این اے کروایا جاتا ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ بچہ اسی ماں کا ہے پھر ان کا ڈرگ ٹیسٹ کروایا جاتا ہے اب بچوں کے بحالی سینٹرز میں ووکیشنل ٹریننگ دی جارہی ہے مزید برآں سندھ حکومت کورنگی میں بارہ سو بچوں کی بحالی کے لئے سینٹر بنا رہی ہے اور وہ جلد تکمیل کے مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے راہ روی کا شکار بچوں کو آئندہ ماہ سے ان سینٹرز میں لانے کی مہم کا آغاز کریں گے پہلے مرحلے میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ضلع جنوبی سے شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو بے راہ روی سے بچانے کے لئے معاشرے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ حکومت کو عوام کے ساتھ کی ضرورت ہوتی ہے لہذا معاشرہ کو چاہیے کہ حکومت کا ہاتھ تھامے۔