کراچی (نوپ نیوز) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے قائم مقام صدر فرخ قندھاری نے حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل شعبہ کے فروغ کیلئے ٹیکسٹائل کونسل کے قیام کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل میں کاٹی کے سابق صدر مسعود نقی جیسے تجربہ کار اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کی بطور ممبر شمولیت سے ٹیکسٹائل کی درآمدات یقیناً بہتر ہوگی، اس کے علاوہ شعبہ کے مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔فرخ قندھاری نے کہا کہ پاکستان کی درآمدات میں اہم شعبہ ٹیکسٹائل کا بھی ہے جسے گزشتہ دور حکومت میں نظر انداز کیا گیا اور اسے زیرو ریٹڈ سے ختم کرکے 17 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا جس سے درآمدات بری طرح متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں پاکستان کی صف اول کی ٹیکسٹائل انڈسٹری موجود ہے، جن کا ملکی درآمدات میں ایک بڑا حصہ ہے، جبکہ لاکھوں مزدور کورنگی صنعتی علاقے میں اس شعبہ میں ملازمت کر رہے ہیں۔ حکومت کی ٹیکسٹائل مخالف پالیسی اور ٹیکسسز کے بوجھ پر کاٹی نے ہمیشہ آواز بلند کی۔
مزید پڑھیں: یونائٹیڈ بزنس گروپ کا چین کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل کا خیر مقدم
https://www.nopnewstv.com/united-business-group-welcomes
قائم مقام صدر کاٹی نے کہا کہ کونسل میں شعبہ اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے سے امید ہے کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ دوبارہ درآمدات میں اپنی جگہ بنائے گا۔ اس سلسلہ میں موجودہ حکومت کا اقدام قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ٹیکسٹائل شعبہ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے فوری طور پر کونسل قائم کی جس سے عالمی مارکیٹ میں پاکستانی ٹیکسٹائل کی مانگ سے فائدہ اٹھا کر درآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ فرخ قندھاری نے حکومت سے اپیل کی کہ ٹیکسٹائل کا زیرو ریٹڈ بحال کیا جائے تاکہ مقامی مصنوعات کی بین الاقوامی منڈی تک رسائی ممکن ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس کے ساتھ پیداواری لاگت میں کمی پر بھی خاص توجہ دے۔ قائم مقام صدر کاٹی نے امید ظاہر کی کہ حکومت ٹیکسٹائل کونسل شعبے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کرے گی جس کی وہ بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
