کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری محمد رضوان بھٹی اور دیگر عہدیداروں نے حکومت سندھ کی جانب سے کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں اضافے اور ہاکس بے صحافی سوسائٹی کے ترقیاتی کاموں کے لیے رقم مختص کرنے پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی برادری کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے عملی اقدامات قابل قدر ہیں۔ جمعرات کو جاری بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت سندھ نے نئے مالی سال کے بجٹ میں کلب کی سالانہ گرانٹ اڑھائی کروڑ سے بڑھا کر 5 کروڑ روپے اور ہاکس بے صحافی سوسائٹی کے ترقیاتی کے لیے 20 کروڑ روپے مختص کیے ہیں جو لائق تحسین اقدام ہے۔میڈیا کے موجودہ بحران میں صوبائی حکومت کے اس طرح کے اقدامات سے صحافیوں کا حکومت پر اعتماد بحال ہوا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وزیراعلی سندھ صحافیوں کی عزت و وقار میں اضافے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ ادارہ جمہوری قوتوں کے لیے ایک سائبان کی حیثیت رکھتا ہے۔ کراچی پریس کلب نے نا صرف صحافیوں بلکہ زندگی کے تمام مظلوم طبقوں کے لیے آواز بلند کی ہے۔ فاضل جمیلی اور محمد رضوان بھٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کراچی پریس کلب جیسے اداروں کے ساتھ تعاون سے یہ ادارے پروان چڑھیںگے۔ کراچی پریس کلب کی جمہوری روایات پورے ملک کے سیاستدانوں اور اداروں کے لئے بہترین نمونہ ہیں۔