کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی میں تعینات جاپانی قونصل جنرل اسومورا توشی کازو کا کہنا ہے کہ جاپان پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، پاکستانی مصنوعات کو جاپانی مارکیٹ میں فروغ ملنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقع پر کیا۔
تقریب میں کاٹی کے صدر سلیم الزماں، کمیٹی برائے سفارتی امور کے چیئرمین راشد صدیقی، سینئر نائب صدر ذکی شریف، نائب صدر نگہت اعوان، سابق صدر مسعود نقی، احتشام الدین، فرخ مظہر، جوہر قندھاری اور جاپانی قونصل جنرل کی اکنامک ایڈوائزر اوکاموٹو یو بھی موجود تھے۔ جاپانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ جاپانی ادارہ جیٹ رو پاکستان میں سرمایہ کاری کا تعین کرتا ہے، پاکستانی صنعتکار چاہیں تو تحریری طور پر اپنا کاروباری پلان ارسال کریں، انہیں ہر ممکنہ سہولیات اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سارا سال جاپان میں منعقدہ نمائشوں کا پلان موجود ہے پاکستانی سرمایہ کار اور صنعتکار دلچسپی لیں تو اس میں شرکت کیلئے جاپانی کمپنیوں کو ذاتی طور پر سفارش کروں گا اور ہر ممکن تعاون فراہم کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہو اور سفری پابندیاں ختم ہوں تو دونوں ممالک کے تجارتی وفود کا تبادلہ کریں گے۔ پاکستان سے جاپان باسمتی چاول اور صابن درآمد ہو رہا ہے۔ قونصل جنرل اسومورا توشی کازو نے مزید کہا کہ پاکستان سے مچھلی سمیت دیگر مصنوعات کے فروغ کیلئے ایکسپورٹر مجھ سے رابطہ کریں تو ذاتی طور پر ان کی مدد کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ جاپانی کمپنیوں کو کہتا ہوں کہ پاکستان اور افغانستان مجموعی طور پر 25 کروڑ آبادی کی بڑی مارکیٹ ہےتو انہیں یہاں توجہ دینے چاہیے۔ اس سے قبل کاٹی کے صدر سلیم الزماں نے جاپانی قونصل جنرل کو تیسری مرتبہ کاٹی آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جاپان سے تجارتی حجم انتہائی کم ہے، اس میں اضافہ کیلئے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے جاپان اور پاکستان کورونا سے زیادہ متاثر نہیں ہوئے۔
صدر کاٹی نے کہا کہ پاکستان میں 85 جاپانی کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔ ہم جاپان سے کسی امداد میں دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ ہم جاپان سے ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ تربیت کے تبادلہ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ کمیٹی برائے سفارتی امور کے چیئرمین راشد صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان میں علیحدہ علیحدہ سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے سرمایہ کار مشترکہ تجارت میں موجود مواقوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔ تقریب سے سابق صدر مسعود نقی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ نائب صدر نگہت اعوان نے مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔