کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ ملک کو بڑی سیاسی جماعتوں کی موروثیت اور کرپشن پر مبنی سیاست سے نکالنے کے لئے خدمت کی سیاست پر یقین رکھنے والی تمام چھوٹی جماعتوں کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مفاد اور سیاست ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے عوام آئندہ انتخابات میں ملکی سیاست کو سیاسی بھیڑیوں سے پاک کردیں گے۔ بڑی جماعتوں نے مایوس کیا، چھوٹی سیاسی جماعتیں متحد ہو کر عوام کی رہنمائی کریں۔ پاسبان مظلوموں اور غریبوں کی پارٹی ہے، مظلوموں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔
دھرتی پر پیدا ہونے والے تمام شہری حقوق میں برابر ہیں وسائل کی بنیاد پر اونچ نیچ کو تسلیم نہیں کرتے۔ حکمران ہمیں آپس میں لڑوا کر تقسیم کرتے ہیں، لسانیت اور فرقہ واریت کی آگ میں جھونک دیتے ہیں کہ کہیں ہم سب متحد ہو کر ان کے خلاف کھڑے نہ ہو جائیں۔ پاسبان ظلم کے نظام کو ختم کرنے آئی ہے، اقتدار میں آکر تمام لٹیروں کا بے لاگ احتساب کریں گے۔ حکمران کرپشن کرتے ہیں، الیکشنز میں کروڑوں لگا کر بعد میں اربوں بناتے ہیں۔ ان کے نزدیک سیاست کاروبار ہے۔ ان کے پاس اربوں کا بجٹ ہے، بلٹ پروف گاڑیاں ہیں لیکن عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاسبان کراچی کے سینیئر عہدیداروں اور یوسی صدور کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلا یں پی ڈی پی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی،وائس چیئرمین پولیٹیکل افیئرز سہیل یعقوب، وائس چیئرمین اعظم منہاس، چیف آرگنائزر کراچی طارق چاندی والا، سینیئر رہنما سردار ذوالفقار، دیگرو عہدیداروں اور ورکرزنے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے اقبال ہاشمی نے کہا کہ پاسبان تیس سال سے ظلم کے نظام کے خلاف برسر پیکار ہے جس نے ہمیشہ مظلوم کے حق میں اورظلم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ عوامی ریلیف اور ظلم و ناانصافیوں کے خلاف عدالت کے دروازے بھی کھٹکھٹائے ہیں، مقدمے لڑے اور جیتے ہیں۔ تعلیم، نوکریاں، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے ہماری ترجیحات ہیں جن کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن بدقسمتی سے ہماری حکومت اس میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔
اقتدار پر برسوں سے نا اہل لوگوں نے قبضہ جمایا ہوا ہے۔ ہمیں اس نظام کو، ان کرپٹ لوگوں کو چیلنج کرنا ہوگا، ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنی ہوگی۔ اس کے لئے ہم جدو جہد کر ہے ہیں، ہمیں قدم سے قدم ملا کر چلانا ہوگا۔ سہیل یعقوب نے کہا کہ تبدیلی بدنام ہو چکی ہے، منہ چھپائے پھر رہی ہے۔ پاسبان کی سیاست عصبیت، لسانیت اور فرقہ واریت سے پاک ہے۔ قوم کا مستقبل اتنا سستا نہیں کہ ایک بریانی کی پلیٹ یا ہزار روپے پر فروخت ہو جائے۔ ہمیں ایک جُٹ ہوکر تمام غاصب قوتوں کا مقابلہ کرنا ہے جو اس ملک سے جونک کی طرح چمٹ گئی ہیں۔ کوئی بھی پارٹی اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک اس میں خواتین کی شمولیت نہ ہو۔ جس طرح ہمارے گھروں میں خواتین موجود ہیں اسی طرح پارٹی میں بھی خواتین کی موجودگی انتہائی ضروری ہے۔ اپنے گھر کی خواتین میں بھی ظلم کے خلاف لڑنے کا حوصلہ پیدا کریں۔ ہمیں ایک کارواں بنانا ہے ایسا باحوصلہ کارواں جو منزل پر پہنچنے سے پہلے نہیں رکے گا۔ طارق چاندی والا نے کہا کہ انتخابات میں شرکت ایک سیاسی جماعت کے لئے لازم و ملزوم ہے۔ انتخابات میں عدم شرکت کا مطلب سیاسی جماعت کی موت ہے۔ پاسبان بلدیاتی انتخابات میں شرکت کر کے نہ صرف کراچی شہر بلکہ پورے ملک کو نئی اور باصلاحیت نوجوان قیادت فراہم کرے گی۔