کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) نیا ناظم آباد فلڈ لائٹس فٹبال ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے۔ نیا ناظم آباد جیم خانہ کے سرسبز فٹبال گراؤنڈ پر لیگ کے آخری میچ میں کراچی یونائٹڈ کو ہزارہ محمڈن کے خلاف سیمی فائنل میں رسائی کے لیے تین گول سے لازمی فتح درکار تھی۔ کھیل کا آغاز تیزی سے ہوا۔ میچ کا پہلا گول ہزارہ محمڈن کے زین نے 25 ویں منٹ میں اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ کراچی یونائٹڈ کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کے لیے متعدد کوشش کی۔ تاہم گول کیپر اسد چیک نے زبردست دفاع کرتے ہوئے کئی یقینی گول بچائے۔ بھرپور مزاحمت کے بعد جمشید احمد نے 80 ویں منٹ میں گول داغ کر مقابلہ برابر کیا۔ اسی اسکور پر مقابلہ اختتام پذیر ہوا۔ گروپ اے سے چار پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد غریب شاہ یونین نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ناصر اسماعیل نے شاندار کھیل پر اسد چیک کو ماشا یونائٹڈ مین آف دی میچ ایوارڈ کا حقدار قرار دیا۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات رات ساڑھے 8 بجے غریب شاہ یونین اور سول ایوی ایشن کی ٹیمیں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ڈھائی لاکھ روپے انعامی مالیت کے ایونٹ کا فائنل 12 جون کو ہوگا۔