Home/اہم خبریں/شہر بھر میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کیلئے تیزی سے کارروائی کی جائے اس پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
شہر بھر میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کیلئے تیزی سے کارروائی کی جائے اس پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر بھر میں غیر قانونی تجاوزات کے ہٹانے کے عمل کو تیز کیا جائے، کوئی بھی افسر اس غیر قانونی عمل میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، یہ بات انہوں نے عوامی شکایات پر صدر کے علاقے میں فریئر مارکیٹ کا دورہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میٹرو پولیٹن کمشنر سید افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے فریئر مارکیٹ کے مختلف حصوں کا اچانک دورہ کیا اور افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں، اس موقع پر اینٹی انکروچمنٹ کے افسران کی طرف سے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ فریئر مارکیٹ میں قائم کی گئیں تمام غیر قانونی تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں جبکہ شاہراہ لیاقت فریئر مارکیٹ پر واقع غیر قانونی دیوار جسے رات کے اندھیرے میں بنایا گیا تھا اسے بھی گرا دیا گیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ تجاوزات شہر کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں اور ان کی وجہ سے شہریوں کو روزمرہ زندگی میں رکاوٹوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا شہر کے کسی بھی حصے میں موجود کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی، انہوں نے محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے تیزی سے کارروائی کی جائے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ فریئر مارکیٹ شہر کی بڑی مارکیٹ ہے جہاں روزانہ سینکڑوں افراد کی آمدورفت جاری رہتی ہے جبکہ اطراف میں گنجان کاروباری علاقہ ہے اس لئے یہاں پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی تجاوزات قائم نہیں ہونی چاہئیں، اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ باقاعدگی کے ساتھ اس جگہ کی نگرانی کرے اور تجاوزات پائے جانے پر انہیں فوری اور بلاتاخیر ختم کر دیا جائے، انہوں نے کہا کہ یہ کے ایم سی کی مارکیٹ ہے اور ہم اسے بہتر بنانا چاہتے ہیں جس کے لئے ہر ممکن ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔