ٹنڈو آدم (رپورٹ: رضوان احمد غوری) ٹنڈو آدم ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیرِ انتظام حرا پبلک اسکول ٹنڈوآدم میں آج سندھ کے ثقافتی دن کے حوالے سے ایک پر وقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سے ڈائریکٹر حرا پبلک اسکول پروفیسر احمد بلال غوری نے خطاب کیا جبکہ طلباء وطالبات نے سندھ کے محبت اور امن آشتی کے پیغام کو اپنی تقاریر اور شاہ لطیف بھٹائی کی شاعری کے ذریعے اجاگر گیا، جبکہ بچوں نے سندھی زبان میں نظمیں بھی پیش کیں۔ تقریب میں طلباء و طالبات نے سندھ کے روایتی ملبوسات، اجرک، سندھی ٹوپی اور پٹکے باندھے ہوئے تھے جس نے تقریب کو رنگارنگ کردیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ اولیاء اللہ، صوفیاء کرام اور امن و آشتی کی سرزمین ہے، سندھ کو اعزاز حاصل ہے اس خطے میں اسلام سب سے پہلے داخل ہوا اسی لیے اسے باب الاسلام کہا جاتا ہے اور یہ اعزاز بھی سندھ کو حاصل ہے کہ پاکستان بننے کی قرارداد سب سے پہلے سندھ اسمبلی میں منظور ہوئی۔ پاکستان ایک اکائی ہے آج ہمیں نفرتیں ختم کرکے متحد ہونے کی ضرورت ہے ہم سندھی پنجابی پٹھان بلوچ مہاجر نہیں بلکہ پاکستانی اور مسلمان ہیں، پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور حرا اسکول ایک نظریاتی ادارہ ہے، ہم اپنے بچوں کی اور ملک کی نظریاتی حدود کے محافظ ہیں، کلچر کے نام پر چند شرپسند عناصر کی جانب سے اسلام اور پاکستان کے خلاف کسی چیز کو برداشت نہیں کرسکتے۔ ہماری آپس کی لڑائی سے دشمن نے فائدہ اٹھایا ہے، سندھ کی ترقی، خوشحالی، امن و امان اور بھائی چارے کے لیے ہمیں ایک ہونا پڑے گا، وقت آنے پر سندھ دھرتی کے سپوت سندھ، پاکستان اور اسلام کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے اور انشاءاللہ سندھ اور پاکستان قیامت کی صبح تک قائم رہیں گے۔