کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) برابری پارٹی پاکستان، کراچی کے آرگنائزر واصف عابدی نے کورنگی مہران ٹاؤن میں کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی کے ذریعے 15 محنت کشوں کا قتل عام کیا گیا ہے۔ ہم محنت کشوں کے قتل کا ذمہ دار وفاقی و صوبائی حکمرانوں کو سمجھتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری میں سینکڑوں محنت کشوں کے قتل عام کو ایک حادثہ قرار دے کر فراموش کر دیا گیا ہے اور اب کیمکل فیکٹری کے واقعے کو بھی حادثہ قرار دے کر مجرموں کو آزاد چھوڑنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ واصف عابدی نے کہا کہ سرمایہ دار اور جاگیردار طبقات کی حکومت محنت کشوں کا خون چوسنے میں مصروف ہے جبکہ اس کے عوض انہیں کسی قسم کی سہولیات دینے سے عاری ہے۔
یہی وجہ ہے کہ آئے دن ایسے افسوسناک واقعات پیش آتے ہیں۔ جن میں محنت کشوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں نمائشی اقدامات کرنے کی بجائے کراچی کی تمام صنعتوں کو محنت کشوں کو تحفظ فراہم کرنے کا ذمہ دار بنائیں تاکہ ایسے افسوسناک سانحات میں محنت کشوں کی جانوں کے ضیاع کو روکا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک محنت کش طبقات متحد ہوکر خود اسمبلیوں میں نہیں جائیں گے۔ تب تک ظالم و جابر حکمران اسی طرح محنت کشوں کا قتل عام کرتے رہیں گے۔