کراچی (نوپ نیوز) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکریٹری جنرل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کی سہولت کار نہ بنے۔ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو موت کی دہلیز پر پہنچا دیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات، بجلی و گیس اور بنیادی ضروریات کی اشیاء میں آئے روز اضافوں کی بعد منی بجٹ، غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کا آئی ایم ایف کا ایجنڈہ ہے۔ سارے ٹیکسز عوام حکومت کو جمع کراتے ہیں۔ مگر حکومت کا عالم یہ ہے کہ پاکستان جو رقم ریونیو کی شکل میں کماتا ہے اس کا آدھے سے زیادہ آئی ایم ایف لے جاتا ہے۔ آدھا حصہ بیورو کریسی پر خرچ ہو جاتا ہے، عوام کے لئے تو چار یا پانچ فیصد ہی بچتا ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے عوام کی حالت روز بروز بگڑتی ہی جا رہی ہے۔ بڑھتی مہنگائی نے عوام کو اس قدر مجبور کر دیا ہے کہ اب گھریلو سازو سامان بیچنے کے بعد عوام اپنے بچے بھی بیچنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ بے لگام مہنگائی نے غربت کے سیلاب کے دروازے کھول دیئے ہیں۔ غلط معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں قیمتوں میں اضافہ کا سونامی آیا ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ پی ٹی آئی کی خود ساختہ معاشی ٹیم نے شاندار ناکامی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد ملک کو تاریخ کے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے۔ ملک میں پھیلنے والے بدترین بحران کو ٹالنے کے لئے غربت میں کمی کی پالیسیاں ضروری ہیں۔ معاشی طور پر مضبوط ہونے کے لئے اپنے قیمتی ذخائر کو اہمیت دینا ضروری ہے۔ زرعی اور صنعتی انقلاب کے ذریعے پیداوار میں اضافہ کرکے غربت میں کمی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ملک کو جاری معاشی بحران سے نکالنے کے لیے دستیاب افرادی قوت کو بروئے کار لایا جائے۔
پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری بیان میں مالیاتی بل پر دستخط کے بعد منی بجٹ کے نفاذ اور اشائے خوردونوش سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کے سیکریٹری جنرل اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ آ ئی ایم ایف کا سہولت کار بن کر حکومت، عوام کو بند گلی کی طرف دھکیل رہی ہے۔ منافق اعظم عمران خان کی حکومت میں غریب روز بروز غریب تر ہوتا جا رہا ہے اور تمام مافیائیں امیر تر ہوتی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں کرپشن، لاقانونیت، مہنگائی عروج پر پہنچ گئی اور معیشت تباہ و برباد ہوگئی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ہر طرف صرف غریب آدمی ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔بجلی او رپٹرول کی قیمت میں معمولی اضافے سے بھی مہنگائی کا طوفان آ جاتا ہے۔ اب تو پٹرول کی قیمت میں ہوشربا اور تاریخی اضافہ ہوا ہے۔ بجلی، گیس اور دیگر سہولیات دن بدن مہنگی ہو رہی ہیں۔ تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، رہائش، پبلک ٹرانسپورٹ، زراعت اور دیگر اہم شعبے تباہی کا شکار ہیں۔ موجودہ حکومت اپنی مدت کا دو تہائی حصہ گزارنے کے باوجود اب بھی ہر چیز کا الزام ماضی کی حکومتوں پر ڈال رہی ہے غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں نہ ہی انہیں سرکاری ہسپتالوں سے مفت ادویات دستیاب ہو تی ہیں اور نہ ہی میڈیکل سٹور سے مہنگی ادویات خریدنے کی ان میں سکت ہے۔