کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) تبلیغی جماعت کے قافلوں کو بلاوجہ پریشان کرنا افسوسناک عمل ہے، قرنطینہ مراکز میں سہولیات کا فقدان ہے حکومت تبلیغی جماعتوں کو صرف حبس بے جا میں رکھ رہی ہے، کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آنے کے باوجود تبلیغی جماعتوں پر سندھ کے مختلف اضلاع میں انتظامیہ نے کہرام مچا رکھا ہے۔ حکومت تبلیغی جماعتوں کو گھر جانے کی فوری اجازت دے ، ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے تبلیغی جماعت کے کراچی کے ذمہ دار بزرگوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی کے ناظم تعلیمات مولانا امداد اللہ یوسفزئی تبلیغی جماعت کے ذمہ داران حاجی محمد شفیع، مفتی اسعد عبدالرزاق، مولانا عبدالکریم عابد، محمد اسلم غوری، سمیع الحق سواتی، شرف الدین اندھڑ و دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کراچی سے لیکر کشمور تک مشکلات کا شکار تبلیغی جماعتوں کے فوری گھروں کی روانگی کیلئے فکر مند ہے، ہم نے جے یوآئی کے اضلاع کی جماعتوں کو پابند بنادیا ہے کہ وہ فی الفور اپنے اضلاع میں محصور جماعتوں سے جاکر ملیں اور ان سے مسائل معلوم کریں، انہوں نے کہا کہ سندھ کے بعض اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے تبلیغی جماعت کے مسافروں سے انتہائی ہتک آمیز رویہ اختیار کیا گیا جو شرمناک ہے، تبلیغ دین کی غرض سے گھر بار چھوڑ کر سال بھر اللہ کی راہ میں نکلنے والی جماعتیں امت مسلمہ کی جانب سے دعوت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں انہیں حبس بے جا میں رکھنا افسوسناک عمل ہے، مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ 22 روز سے زائد گزرنے کے باوجود حکومت سندھ نہ تو ان تبلیغی جماعتوں کے کورونا ٹیسٹ کررہی ہے، بعض مقامات پر جن تبلیغی جماعتوں کے ٹیسٹ ہوئے ہیں اور کورونا ٹیسٹ کے نیگیٹو رپورٹس آنے کے باوجود انہیں جبرأ محصور رکھنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تبلیغی جماعتوں میں معمر افراد اور (مستورات) خواتین بھی شامل ہیں ان کیساتھ ناروا سلوک روا رکھنا وطن عزیز کے اسلامی اقدار پر کاری وار ہے، تبلیغی جماعتوں سے مزید نفرت آمیز رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ فی الفور ان محصور تبلیغی جماعتوں کو گھروں کی طرف روانگی کی اجازت دے ورنہ جمعیت علماء اسلام ان کی بازیابی کیلئے عملا میدان میں نکلے گی۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: وفاقی اور صوبائی حکمرانوں سے التجا کرتا ہوں کہ کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے حالات سنگین ہیں، خدا کے واسطے ایک بیچ پر آجائیں۔ سید مصطفی کمال
https://www.nopnewstv.com/federal-and-provincial-rulers/