کراچی (نوپ نیوز) پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے سابق وائس چیئرمین اور سابق صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے مطالبہ کیا ہے کہ گھی کی صنعت کو گیس کی بندش سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے غیر برآمدی صنعت کے نام پر اہم صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند کردی گئی ہے جس سے خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں اشیاء ضروریہ کی شدید قلت ہوگی۔ گیس کی سپلائی بند ہونے والی صنعت میں گھی کی انڈسٹری بھی شامل ہے جوکہ کھانے کا انتہائی اہم جز ہے۔ شیخ عمر ریحان نے مزید کہا کہ کراچی میں گھی کی صنعت ملک کی 50 فیصد سے زائد ضرورت پورا کرتی ہے۔ گھی کی انڈسٹری بند ہوگی تو عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ سابق وائس چیئرمین پی وی ایم اے کا کہنا تھا کہ ملک میں گھی کی قلت کا سامنا بھی ممکن ہے اور گھی کی تیاری میں ہائیڈروجن گیس استعمال ہوتی ہے، جو کہ قدرتی کیس سے حاصل کی جاتی ہے، گیس کی بندش سے گھی کی صنعتیں بند ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گھی تیار کرنے والی صنعتوں کو گیس سے مستثنیٰ قرار دے تاکہ عوام کی روزمرہ استعمال میں آنے والی اشیاء ضروریہ کی قلت سے بچا جاسکے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر توانائی حماد اظہر سے اپیل کی کہ وہ گیس کی بندش بلا تفریق تمام صنعتوں پر لاگو نہ کریں بلکہ اہم صنعتوں کو جن کا تعلق عوام کی ضروریات سے ہے انہیں بلا تعطل گیس کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ گیس کی کمی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔