Home / اہم خبریں / سچ کے نام پر مخالفین کے خلاف گھٹیا الفاظ استعمال کرنے والے حقیقی سچ پر سیخ پا کیوں ہیں؟ الطاف شکور چیئرمین پی ڈی پی

سچ کے نام پر مخالفین کے خلاف گھٹیا الفاظ استعمال کرنے والے حقیقی سچ پر سیخ پا کیوں ہیں؟ الطاف شکور چیئرمین پی ڈی پی

کراچی (نوپ نیوز) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین اور پاکستان قومی اتحاد کے وائس چیئرمین الطاف شکور نے پی ٹی آئی کے وزراء اور فالوورزکی جانب سے جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کے لئے نامناسب الفاظ استعمال کرنے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی لیڈرز کی طرف سے جسٹس (ر) وجیہہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنا بوکھلاہٹ کی علامت ہے۔ سچ کے نام پر مخالفین کے خلاف گھٹیا الفاظ استعمال کرنے والے حقیقی سچ پر سیخ پا کیوں ہیں؟ دوسروں کے وسائل پر گزارہ کرنے والے قوم کو کیا دے سکیں گے؟ الیکشن کمیشن میں انتہائی حساس نوعیت کا فارن فنڈنگ کیس دائر کرنے والے اکبر ایس احمد کے معاملے پر لیت و لعل سے کام لینے والے عمران خان، جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کی اسٹیٹمنٹ کا ٹھوس جواب دیں۔ عمران خان اگر شفاف شخصیت ہیں تو ایک بیان پر ان کے پیروکاروں کے ہوش کیوں اڑ گئے ہیں؟ یوٹرن کو آرٹ سمجھنے والے قوم سے ہاتھ کر گئے ہیں۔ جسٹس (ر) وجیہہ الدین پی ٹی آئی کی بے قاعدگیاں دیکھ کر پارٹی چھوڑ کر آئے اور اب عام آدمی کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پاکستان قومی اتحاد (پی کیو آئی) عوامی حقوق کی آواز بن رہا ہے۔ پوری قوم ان کے دست و بازو بنے گی۔ جسٹس (ر) وجیہہ کی قیادت میں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔ بہت جلد وڈیروں سے عوام کی جان چھوٹنے والی ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے لئے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی اور وزراء فواد چوہدری، شہباز گل، پلوشہ خان، عندلیب عباس اور دیگر فالوورز کے غیر پارلیمانی طرز کلام پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیئرمین اور پاکستان قومی اتحاد کے وائس چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ عمران خان کے دفاع میں کھڑے ہونے والے جسٹس (ر) وجیہہ الدین کو طنز کا نشانہ بنانے کے بجائے زرا ہوش سے کام لیں۔ جسٹس (ر) وجیہہ الدین ایک معزز اور ایماندار جج کی حیثیت سے مشہور ہیں۔ ان کا ماضی بے داغ ہے۔ ان کے دامن پر بے ایمانی، رشوت یا بدعنوانی کا کوئی دھبہ نہیں ہے۔ ایک جج کی حیثیت سے، جسٹس صاحب اور ان کے والد (جسٹس وحید الدین) کے فیصلے تاریخ کا حصہ ہیں۔ تحریک انصاف کے قائد کے بارے میں جو کچھ جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا ہے وہ آج ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ عمران خان ایماندار کہلانے کے ہر گز لائق نہیں ہیں۔ جسٹس وجیہہ پر آوازیں کسنے والے ذرا اپنا گریبان جھانک لیں۔ دال میں کچھ کالا ہے، بلکہ پوری دال ہی کالی ہے۔ سیاست میں فریب کاری کرنے والے قوم کے لیڈر نہیں ہوسکتے۔ دودھ اور شہد کی نہروں کے خواب دکھانے والے دو وقت کی روٹی چھین رہے ہیں۔ قوم کے قیمتی تین سال لوٹنے والے ایک بیان کی تاب نہیں لاسکے، انہیں اپنے کئے کا حساب دینا ہوگا۔ مقتدر سیاسی جماعتیں ملک و قوم اور جمہوریت کے درخت پر آکاش بیل کی طرح چمٹی ہوئی ہیں۔ سیاسی لیڈرز خوشحال ہو رہے ہیں اور قوم بدحالی کا شکار ہو رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی بگ تھریز نامی پارٹیوں نے عوام کو مایوس کیا ہے۔ ایسا نظام قبول نہیں جس میں لیڈرز اور عوام کے معیار زندگی میں زمین آسمان کا فرق ہو۔ الطاف شکور نے ملک کے باشعورسیاسی و سماجی ورکرز ا ور غیور پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ وہ بگ تھری پارٹیوں کے سحر سے نکل آئیں۔ آگے بڑھ کر جسٹس (ر) وجیہہ الدین کا ساتھ دیں۔ عوام مزید کسی دھوکے میں نا آئیں، سچی اور کھری لیڈر شپ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: 26 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے