کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) خواتین بیڈمنٹن کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے سندھ رینجرز اور سندھ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے چھ روزہ کراچی اوپن بیڈمنٹن چیمپین شپ فار وومن کا انعقاد رینجرز کلب نارتھ ناظم آباد میں کیا گیا۔ چھ روزہ مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں رینجرز کے عہدے داران، بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے اراکین، صدر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری فیصل معیز سمیت مختلف شعبہ ہاۓ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوۓ صدر نکاٹی فیصل معیز نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ایک قوم ہونے کے ناطے ہماری ذمے داری ہے کہ باصلاحیت افراد کو آگے لایا جاۓ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری حضرات کو چاہیے کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی کریں۔ رینجرز جس طرح کھلاڑیوں کی پذیرائی کر رہی ہے بلاشبہ یہ ایک قابل ستائش اقدام ہے۔ یہ وہ ٹیلنٹ ہے جسے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نارتھ کراچی کی تاجر برادری نوجوانوں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ٹورنامنٹ ماہیہ معین شرکاء کو چیمپین شپ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وائس چانسلر کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ڈاکٹر ناصر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوۓ کہا کہ ان مقابلوں میں جو بھی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ان سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہماری سپورٹ تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ہے۔ واضح رہے کہ چھ روزہ بیڈمنٹن چیمپین شپ فار وومن میں مختلف جامعات، کالجز، اوپن اور پروفیشنل کیٹگری کے مقابلے ہو رہے ہیں جس میں شہر بھر سے ایک سو سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں۔ یہ مقابلے پچیس جنوری تک روزانہ کی بنیاد پر صبح ساڑھے دس بجے سے شام پانچ بجے تک رینجرز کلب نارتھ ناظم آباد کراچی میں جاری رہنگے۔