کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام آزادی ٹین پن باؤلنگ چیمپین شپ لیژر سٹی باؤلنگ کلب جناح پارک راولپنڈی میں شروع ہوگی۔ چیمپئن شپ کا افتتاح اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر سردار الیاس خان کریں گے، گذشتہ روز پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے مختلف اداروں، صوبائی اور ریجنل ایسوسی ایشنز کے مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں نو مختلف کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز، لیڈیز سنگلز، ایمچور، ڈیف، ٹیم ایونٹ، انٹر یونیورسٹی، انٹر سکول اورمیڈیا کیٹگریز کے مقابلے شامل ہیں، ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے 29 اگست کو جبکہ فائنل مقابلے 30 اگست کو کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز، اسناد اور کیش ایوارڈ کے علاوہ دیگر انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔