کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے سمندر میں تیز ہواؤں کے سبب پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث ماہی گیروں کو فوری طور پر ریسکیو کرنے کے لیے اپنی بونا فائیڈ فشرمین ریسکیو ٹیمیں ناخدا حاجی عارف، ناخدا حمیر، ناخدا گلو اور ناخدا اختر کی سربراہی میں روانہ کیں۔ اور وی ایچ ایف سسٹم کے ذریعے سمندر میں موجود ماہی گیروں کو احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اور ماہی گیروں کو منوڑا، کیٹی بندر، حجامرو، گورا ماری و دیگر مقامات کی طرف جانے کی ہدایت کی۔ جہاں کچھ لانچوں کے ڈوبنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ بھٹ مالک، ناخدا، خلاصی اتحاد کی ریسکیولانچیں فوری طور پرسمندر میں ماہی گیروں کی مدد کے لیے پہنچیں، اور وائرلیس سسٹم کے ذریعے ان کی پوزیشن معلوم کر کے انہیں ریسکیو کیا۔ ریسکیو آپریشن میں میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی، پاک نیوی، کوسٹ گارڈز اور دیگر سمندری نگرانی پر مامور اداروں کے ساتھ مل کر بونا فائیڈ فشرمین ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔ ایڈمنسٹریٹر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے ساحلی پٹی ابراہیم حیدری، ریڑھی گوٹھ، مبارک ولیج، سنہری، ککا پیر، عبدالرحمن گوٹھ، سومار گوٹھ سمیت دیگر چھوٹی بڑی آبادیوں کا جائزہ لیا۔ اور تمام ماہی گیروں سے رابطے میں رہے۔
ایڈمنسٹریٹر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا ہے کہ وہ موسم کی صورت حال بہتر ہونے کے بعد تمام متاثرہ ساحلی علاقوں کا دورہ کر کے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے۔ اور ماہی گیروں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ایڈمنسٹریٹر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا کہ وہ خود ایک ماہی گیر ہیں۔ اس لیے ان سے بہتر ماہی گیروں کا درد کوئی نہیں سمجھ سکتا۔ فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی ماہی گیروں کا اپنا ادارہ ہے۔ فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی ہر مشکل گھڑی میں اپنے ماہی گیروں کی ہرممکن مدد کے لیے تیار ہے۔