Lلاہور/کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) شاداب خان کی شاندار ناقابلِ شکست سنچری اور حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ پر ریکارڈ ساز شراکت کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی نو وکٹیں 154 رنز پر گر گئی تھیں تاہم شاداب خان نے 96 گیندوں پر 113 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو تاریخی کامیابی دلائی ان کی اننگز میں 13 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے شاداب اور حارث رؤف نے دسویں وکٹ پر 80 گیندوں میں 89 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی جو کامیاب ہدف کے تعاقب میں آخری وکٹ کی شراکت کا نیا ریکارڈ ہے حارث رؤف نے ناٹ آؤٹ سات رنز بنائے اور فاتحانہ چوکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ون ڈے ٹرائی سیریز میں مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی، جبکہ شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے بین ڈکٹ کی 105 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت 46.4 اوورز میں 241 رنز بنائے سیم کرن نے 42 رنز اسکور کیے، جبکہ پاکستان کی جانب سے عارفات منہاس اور رضااللہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں شاہین شاہ آفریدی نے ٹام بینٹن کو آؤٹ کرکے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی 150 وکٹیں مکمل کیں اور پاکستان کے تیز ترین فاسٹ بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا انہوں نے جو روٹ کی وکٹ بھی حاصل کی۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمی اوورٹن نے تین جبکہ گس ایٹکنسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی بیٹنگ میں سعد بیگ نے 32، سلمان علی آغا نے 26 اور حسن نواز نے 15 رنز بنائے تاہم ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد شاداب خان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ ان کی یادگار اننگز نے پاکستان کو ایک وکٹ سے فتح دلائی اور انگلینڈ کو ٹرائی سیریز میں مسلسل تیسری شکست سے دوچار ہونا پڑا۔