شنگھائی، چین (نوپ نیوز انٹرنیشنل ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے دورۂ چین کے دوران سندھ حکومت اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے درمیان صوبے کو پاکستان کا پہلا مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیجیٹل صوبہ بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے معاہدے کے تحت سرکاری امور کی ڈیجیٹلائزیشن، صوبائی کلاؤڈ نظام، ڈیٹا سینٹرز، جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، اسمارٹ سٹیز اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کیا جائے گا جبکہ نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے اور مقامی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی جائے گی ۔
مفاہمتی یادداشت پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید نے دستخط کیے، جبکہ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ہواوے پاکستان کے چیئرمین بھی شریک تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت کا مقصد محض ٹیکنالوجی خریدنا نہیں بلکہ مشترکہ منصوبوں، تکنیکی معلومات کی منتقلی اور نوجوانوں کی تربیت کے ذریعے ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی اور خود انحصاری کو فروغ دینا ہے۔